یہودی آباد کاری کی مخالفت کر رہے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کا حملہ، درجنوں زخمی
یروشلم ،21جنوری (ہ س )۔
فلسطین میں مغربی کنارے میں اسرائیلی حکومت کی جانب سے جاری یہودی آباد کاری کے خلاف فلسطینیوں نے مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالی اور اسرائیلی منصوبے کے خلاف مظاہرہ کیا۔یہودی آباد کاری کے خلاف مظاہرہ کر رہے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوجیوں نے حملے کر دیئے جس میں ایک فلسطینی شہید ہو گیا اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
العربیہ کی رپورٹ کے مطابق صہیونی فوجیوں نے براہ راست فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ اسرائیلی کارروائیوں میں درجنوں فلسطینی زخمی اور متعدد دم گھٹنے سے بے حال ہو گئے۔فلسطین ہلال احمر نے اطلاع دی ہے کہ قابض فوج کی جانب سے شمالی مغربی کنارے کے نابلس کے دیہات بیتا، بیت دجن اور قریوت میں ہونے والے احتجاجی مارچ کو روکنے کے بعد قابض فوج کے ہاتھوں تین فلسطینی زخمی اور 18 دم گھٹنے سے بے حال ہو گئے۔ فلسطینی مظاہرین نے یہودی آباد کاری اور نسل پرستی کی مظہر دیوار کے خلاف نعرہ بازی کی۔
اسی تناظر میں اسرائیلی قابض فوج نے طولکرم میں نسل پرستی کی علامت دیوار کے قریب ایک فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر شہید کر دیا اور اس کے ساتھ موجود چار نوجوانوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ قابض فوج کی طرف سے الخلیل کے متعدد دیہات میں بستیوں کو مسترد کرنے کے لیے نکالی گئی ریلیوں پر آنسو گیس کے گولے داغے جانے کے بعد درجنوں فلسطینیوں کا دم گھٹ گیا۔ قابض فورسز نے الخلیل کے جنوب میں واقع ’’مسافر یطا‘‘ کے علاقے میں درجنوں فلسطینیوں کو گرفتار بھی کرلیا ہے۔