اسرائیل کی بدترین جارحیت کے باوجود فلسطینیوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے

حملوں کو روکنے کے لیے عالمی طاقتیں مداخلت کریں۔ بھارت سے اہم رول اداکرنے کی اپیل

حیدرآباد : ( دعوت نیوز ڈیسک)

فلسطینیوں سے اظہار یگانگت، حیدرآباد میں جلسے سے فلسطینی سفیر عدنان محمد اور ڈی راجہ کی مخاطبت
حیدرآباد : ( دعوت نیوز ڈیسک)
فلسطینی عوام سے اظہار یگانگت کے لیے کمیونسٹ پارٹی انڈیا ( سی پی آئی) کی جانب سے حیدرآباد میں ایک جلسہ عام کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ مقررین نے غزہ پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل نے بمباری اور زمینی حملے کرتے ہوئے علاقہ پر ناجائز قبضہ کی منصوبہ بندی کی ہے۔سی پی آئی کے قومی سکریٹری سید عزیز پاشاہ نے فلسطینی عوام کی اپنے جائز حق کے لیے طویل کشمش کی تاریخ پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اسرائیلی مظالم کو روکنے کے لیے بھارت کو اہم رول ادا کرنا چاہیے ۔ اسرائیلی حملوں میں تاحال ہزاروں فلسطینیوں کی موت ہوچکی ہے اس کے باوجود فلسطینی عوام کے حوصلے پست نہیں ہوئے اور وہ مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ فلسطینی سفیر متعینہ بھارت عدنان محمد جابر ابوالہیجہ نے بھی اس جلسہ سے خطاب کیا۔ سی پی آئی کے قومی جنرل سکریٹری ڈی راجہ ، قومی سکریٹریز سید عزیز پاشاہ ، ڈاکٹر کے نارائنا ، پلبسین گپتا اور دیگر جہد کاروں نے جسلہ سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی عوام کی جدوجہد کی مکمل حمایت کی اور کہا کہ عالمی طاقتوں کو جنگ بندی کے لیے مداخلت کرنی چاہیے۔ فلسطین کے سفیر عدنان محمد جابر نے کہا کہ فلسطینی عوام حملوں کے باوجود علاقہ کا تخلیہ کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ وہ اپنی سر زمین پر ہی آخری سانس لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ 7؍ اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کی کارروائی کو دہشت گردانہ کارروائی قرار دیا جارہا ہے جبکہ حماس نے اسرائیلی حملوں کے جواب میں یہ کارروائی کی تھی۔ فلسطینی سفیر نے کہا کہ فلسطین کی تاریخ سے واقف افراد اچھی طرح جانتے ہیں کہ فلسطینی عوام نے کوئی دہشت گردانہ کارروائی نہیں کی ہے۔ گزشتہ 75 برسوں سے اسرائیلی مظالم کا سلسلہ جاری ہے اور 10 لاکھ سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا ۔ مغربی کنارہ سے فلسطینیوں کے تخلیہ کی سازش کی جارہی ہے جبکہ فلسطینی عوام اپنی سرزمین چھوڑنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں 23 لاکھ افراد بستے ہیں ، ان میں سے 75 فیصد غربت کا شکار ہیں۔ حماس کی کارروائی سے قبل اسرائیل نے فلسطین کے 260 افراد کو شہید کردیا تھا۔ فلسطینی سفیر نے اسرائیلی مظالم کی اندوہناک تفصیلات پیش کیں اور کہا کہ بھارت نے ہمیشہ فلسطینی کاز کی تائید کی ہے۔ گزشتہ 120 دنوں میں اسرائیلی حملوں میں ستائیس ہزار افراد ہلاک ہوئے ہیں، ان میں گیارہ ہزار معصوم بچے اور آٹھ ہزار ضعیف العمر افراد شامل ہیں۔ گیارہ ہزار سے زائد افراد کو اسرائیل نے قیدی بنالیا ہے ۔ اسرائیلی حملوں میں 122 صحافی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرارداد کے تحت فلسطینیوں کو اپنے علاقہ میں قیام کا حق حاصل ہے۔ متاثرین کو اقوام متحدہ کی جانب سے امدادی سرگرمیوں کو روک دیا گیا۔ سی پی آئی کے قومی جنرل سکریٹری ڈی راجہ نے نریندر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اسرائیلی حملوں کو روکنے کے لیے ہندوستان نے اپنے اثر و رسوخ کا استعمال نہیں کیا۔ مرکزی حکومت امریکہ کے اشاروں پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آئی نے ہمیشہ سے فلسطینی کاز کی تائید کی ہے ۔اس موقع پر فلسطینیوں کی حمایت اور اسرائیل کی مذمت کرتے ہوئے قرارداد منظور کی گئی اور فلسطینی سفیر کو 50000 روپیے کی امدادی رقم حوالے کی گئی جو جلسہ میں شریک ایک اہل خیر شخص نے بطور عطیہ دی ہے ۔

 

***

 


ہفت روزہ دعوت – شمارہ 18 فروری تا 24 فروری 2024