
اسلامک اسٹڈیز اکیڈمی کا بڑا تعلیمی اقدام
انگریزی میڈیم اسکولوں کے لیے اسلامیات کا مربوط اور معیاری نصاب متعارف
حیدرآباد: (دعوت نیوز ڈیسک)
عصری تعلیم کے ساتھ اسلامی اقدار کی تدریس۔ جماعت اول تا دہم کتابوں کی مکمل سیریز جاری
آج کے دور میں جب اسلام کے خلاف منفی بیانیہ خاموشی سے نئی نسل کے ذہنوں میں سرایت کر رہا ہے، تعلیم کا کردار صرف کتابی علم کی ترسیل تک محدود نہیں رہ سکتا۔ اسے ایک ایسے فکری انقلاب کی بنیاد بننا ہوگا جو طلبہ کے دلوں میں اسلامی اقدار، دینی بصیرت اور اخلاقی عظمت کو راسخ کرے۔ اسی مقصد کو سامنے رکھتے ہوئے، اسلامک اسٹڈیز اکیڈمی، حیدرآباد نے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ اس نے انگریزی میڈیم اسکولوں کے لیے ایک جامع، متوازن اور تربیت پر مبنی اسلامیات کا نصاب وضع کیا ہے، جو توقع ہے کہ جماعت اول سے دہم تک کے طلبہ کی فکری، اخلاقی اور روحانی ترقی میں معاون ثابت ہو گا۔ اکیڈمی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رضا احمد خان نے اس نئے نصاب کے بارے میں کہا:
’’اسلامی تعلیم ہماری نئی نسل کے دل و دماغ کو سنوارنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ جس طرح ہم بچوں کو دنیاوی کامیابی کے لیے مہارتوں سے آراستہ کرتے ہیں، اسی طرح ان کے ذہنوں کو اسلامی اقدار سے روشن کرنا بھی لازمی ہے۔ اس نصاب کا بنیادی مقصد صرف اسلامی معلومات دینا نہیں بلکہ طلبہ میں اسلام سے محبت پیدا کرنا، ان کی دینی شناخت کی تعمیر اور کردار سازی ہے۔ اس حقیقت کو طلبہ کے ذہن نشین کروانا مقصود ہے کہ حقیقی کامیابی صرف دنیاوی معیار حاصل کرنے میں نہیں بلکہ آخرت کی تیاری اور اللہ کی رضا حاصل کرنے میں ہے۔‘‘
انہوں نے بتایا کہ یہ نصاب دو حصوں میں ترتیب دیا گیا ہے:
جماعت اول تا پنجم کے طلبہ کے لیے تین اہم نکات پر توجہ دی گئی ہے:
منتخب سورتوں اور مسنون دعاؤں کا حفظ
اخلاق و کردار کی تربیت
بنیادی عقائد و عبادات کا فہم
جبکہ جماعت ششم تا دہم کے لیے درسی مواد میں درج ذیل موضوعات شامل کیے گئے ہیں:
قرآن
سیرت النبی ﷺ
حدیث
عقائد و عبادات
اخلاقیات
دعائیں
انبیائے کرام اور صحابہ کرام کی سیرت،
ہر موضوع کو آسان زبان، عام فہم انداز، اور موجودہ تعلیمی معیار کے مطابق ترتیب دیا گیا ہے تاکہ طلبہ نہ صرف اسے سمجھیں بلکہ اپنی روزمرہ زندگی میں اسے بروئے کار بھی لا سکیں۔ یہ کتابیں علمائے کرام، ماہرین نصاب اور ماہرین تعلیم کی ایک مشترکہ ٹیم کی نگرانی میں تیار کی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا "اسلامی تعلیم دینا کوئی ثانوی کام نہیں بلکہ یہ والدین اور اساتذہ دونوں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ ہمیں امید ہے کہ یہ نصاب بچوں کے دلوں میں ایمان کی روشنی، کردار میں پختگی، اور انسانیت کی خدمت کا جذبہ پیدا کرے گا۔”
***
ہفت روزہ دعوت – شمارہ 10 جولائی تا 16 اگست 2025