اساتذہ جامع و ہمہ جہتی تدریسی طریقہ کار اپنائیں

اقدار پر مبنی تعلیم کو فروغ دینے کی ضرورت : امیر جماعت اسلامی ہند

نئی دلی:( دعوت نیوز ڈیسک)

اساتذہ کی تنظیم ’آئیٹا‘ کے انتخابات۔ شیخ عبدالرحیم دوبارہ صدر منتخب
امیر جماعت اسلامی ہند جناب سید سعادت اللہ حسینی نے اساتذہ کی ملگ گیر تنظیم ’آئیٹا‘ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقدار پر مبنی تعلیم کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس کی بھاری ذمہ داری اساتذہ پر عائد ہوتی ہے۔ امیر جماعت اسلامی ہند، آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس ایسو سی ایشن کی نئی میقات برائے یکم جنوری 2025 تا 31 دسمبر 2028 کے انتخابات کے ضمن میں منعقدہ اجلاس سے اختتامی خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے اساتذہ کی ذمہ داریوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہی ذمہ داریاں قوم کے روشن مستقبل کی بنیاد ہیں۔امیر جماعت نے موجودہ اور مستقبل کے تعلیمی چیلنجز کا جائزہ لیتے ہوئے ان کا کامیابی سے مقابلہ کرنے کے لیے عملی حکمت عملیوں پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ آئیٹا سے وابستہ اساتذہ جامع و ہمہ جہتی تدریسی طریقہ کار اختیار کرتے ہوئے طلباء کو اخلاقی اقدار، جدت طرازی اور جامعیت کے اصولوں پر تربیت فراہم کریں تاکہ وہ ایک بہتر سماج کی تشکیل میں مؤثر کردار ادا کرسکیں۔
قبل ازیں قیم جماعت ٹی عارف علی صاحب کی نگرانی میں تنظیم کے انتخابات منعقد ہوئے اور ملک کی تیرہ ریاستوں سے شریک 96 اسٹیٹ ایڈوائزری کاؤنسل ارکان نے اکثریتی رائے سے شیخ عبدالرحیم صاحب کو یکم ؍ جنوری 2025سے شروع ہونے والی نئی چار سالہ میقات کے لیے آئیٹا کا قومی صدر منتخب کیا ہے ۔ وہ پچھلی میقات میں بھی تنظیم کی قیادت کرچکے ہیں۔ قومی صدر کے انتخاب کے بعد 13 ریاستوں کے صدور کا انتخاب اور سیکریٹریز کے تقررات عمل میں لائے گئے۔ نیز سینٹرل کاؤنسل کے ممبران سے مشاورت کے ذریعہ مرکزی عہدیداران کا تقرر کیا گیا ۔ جس کے مطابق آئندہ میقات 2028-2025 کے لیے مرکزی عہدیداران درج ذیل ہوں گے:
قومی صدر : شیخ عبدالرحیم (مہاراشٹر)
جنرل سیکریٹری : مختار احمد کوتوال (کرناٹک)
نائب صدر : ڈاکٹر آیت اللہ فاروق (مغربی بنگال)
نائب صدر : عبدالقادر (نئی دہلی)
مرکزی سیکریٹریز :
شکیل احمد (اتر پردیش)
خالد اقبال (جھارکھنڈ)
سید عارف علی (تلنگانہ)
اسلم فیروز (مہاراشٹر)
انیس احمد (تمل ناڈو)
فائنانس سیکریٹری : ڈاکٹر فیروز خان (تمل ناڈو)
میڈیا سیکریٹری : فہیم احمد مومن (مہاراشٹر)
نیشنل خواتین کنوینرس:
محترمہ فردوس صاحبہ (آندھرپردیش)
محترمہ صفیہ انجم صاحبہ (مہاراشٹر)
آئیٹا کی مرکزی کاؤنسل میں مذکورہ بالا عہدیداران کے علاوہ تمام ریاستوں کے صدور و سیکریٹریز اور جماعت اسلامی ہند کے نمائندگان محترم انعام الرحمن صاحب، محترمہ رحمت النساء صاحبہ اور ایس آئی او کے نامزد ممبر شامل ہوں گے۔

 

***

 


ہفت روزہ دعوت – شمارہ 05 جنوری تا 11 جنوری 2024