حضوراکرم ﷺ کی شان اقدس میں گستاخی، حیدرآباد میں مسلمانوں کے شدید احتجاج کے بعد بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ گرفتار

حیدرآباد کے تمام اضلاع میں پولیس کا ہائی الرٹ ،کئی مقامات پولیس کی بھاری نفری تعینات، مسلمانوں میں شدید غم و غصہ

نئی دہلی، اگست 22: محسن انسانیت حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی شان اقدس میں تلنگانہ بی جے پی کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ کی جانب سے گستاخی کئے جانے کے ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد شہرحیدرآباد میں کمشنر پولیس حیدرآباد کے دفتر کے ساتھ ساتھ شہر کے کئی حصوں میں بڑے پیمانہ پرمسلمانوں کے شدید احتجاج اورغم وغصہ پر گستاخ رکن اسمبلی کو گرفتار کرلیاگیا۔ احتجاجیوں نے راجہ سنگھ کی گرفتاری کا مطالبہ کیاتھا۔ اپنی گرفتاری کے وقت راجہ سنگھ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ انہیں اس کا کوئی خوف نہیں ہے۔

اس گستاخانہ ویڈیو کے منظرعام پرآنے کے بعد دبیرپورہ پولیس نے بی جے پی کے رکن اسمبلی کے خلاف معاملہ درج کیاتھا۔اس احتجاج پر پولیس نے کئی مظاہرین کو منگل کو گرفتار بھی کیا۔دفتر کمشنر پولیس حیدرآباد، ڈی جی پی دفتر،پراناشہر حیدرآباد میں قدیم کمشنرپولیس دفتر کے ساتھ ساتھ شہر کے کئی اہم مقامات پر پولیس کی بھاری تعداد کو تعینات کردیاگیا کیونکہ کئی مقامات پر راجہ سنگھ کے خلاف مسلمانوں کی جانب سے مظاہرے شروع ہوگئے ہیں۔ چندرائن گٹہ فلائی اوور کی افتتاحی تقریب کے موقع پر بھی پولیس کا بھاری بندوبست دیکھاگیا۔ریپڈ ایکشن فورس کے ساتھ ساتھ تلنگانہ اسٹیٹ پولیس کے مختلف شعبہ جات، گرے ہاؤنڈس اور پڑوسی اضلاع کی پولیس کو بھی حیدرآباد میں تعینات کردیاگیا۔پولیس کے خصوصی دستوں کوبھی شہر کے حساس مقامات اورپرانے شہر میں تعینات کیاگیا۔ پولیس کے سینئر عہدیداروں نے صبح میں اجلاس منعقد کرتے ہوئے ریاست کی مکمل پولیس مشنری کو چوکس کردیا۔ عادل آباد، کریم نگر، نظام آباد، وقارآباد، محبوب نگرمیں ہائی الرٹ کا اعلان کردیاگیا ہے۔

سوشل میڈیا کی اطلاعات کے مطابق راجہ سنگھ کے خلاف شہر میں مختلف پولیس اسٹیشنوں کے حدود میں مزیداحتجاج کاامکان ہے۔آل انڈیامجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم)کے رکن اسمبلی احمد بلعلہ دبیر پورہ پولیس اسٹیشن پہنچ گئے جہاں انہوں نے راجہ سنگھ کے خلاف شکایت درج کروائی۔ احمد بلعلہ نے دبیرپورہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروانے کے بعد برہم ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ راجہ سنگھ کی گرفتاری کو یقینی بنایاجائے گا۔راجہ سنگھ کے خلاف حیدرآباد پولیس کمشنریٹ پر احتجاج کرنے کی پاداش میں کئی افراد کو گرفتارکیاگیا ہے۔تلنگانہ کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں راجہ سنگھ کے خلاف مختلف تنظیموں کی جانب سے شکایات کا سلسلہ جاری ہے۔ پیغمبر اقدس کی شان میں گستاخی پر مبنی ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد مسلمانوں میں شدید برہمی دیکھی جا رہی ہے۔ راجہ سنگھ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اے آئی ایم آئی ایم کے رہنماؤں نے چندرائن گٹہ پولیس اسٹیشن میں بھی شکایت درج کرائی اور پولیس اسٹیشن کے سامنے احتجاج کیا۔ اس موقع پر مجلس کے کارکنوں نے راجہ سنگھ کے خلاف جم کر نعرے بازی کی ۔ مجلس اتحاد المسلمین کے لیڈروں صمدبن عبدات اور سلیم بیگ نے بی جے پی ایم ایل اے کے خلاف پی ڈی ایکٹ لگانے کامطالبہ کیا۔ نٹراج نگرجھرہ میں بھی نوجوانوں نے احتجاج کیااور ٹپہ چبوترہ پولیس سے شکایت کی۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مظاہرین نے بی جے پی کے رکن اسمبلی کو پھانسی کی سزادینے کامطالبہ کیا۔انہوں نے کہاکہ راجہ سنگھ ہمیشہ سے مسلم طبقہ کو نشانہ بناتا رہا ہے اور مسلمانوں کے خلاف زہرافشانی اس کا شیوہ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کچھ برداشت کر سکتے ہیں لیکن اپنے نبی کریم ؐ کی شان میں گستاخی کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔