نوبل امن کے دعویداروں میں ہندوستانی فیکٹ چیکر جوڑی پرتیک سنہا اور محمد زبیر بھی شامل: ٹائم رپورٹ
نئی دہلی، اکتوبر 5: فیکٹ چیک کرنے والے محمد زبیر اور پرتک سنہا کو ٹائم میگزین نے 2022 کا امن کا نوبل انعام جیتنے کے دعویدار کے طور پر درج کیا ہے۔
ٹائم میگزین کے مطابق فیکٹ چیک سائٹ AltNews کے شریک بانی مسٹر سنہا اور مسٹر زبیر ان نامزدگیوں کی بنیاد پر انعام جیتنے کے دعویداروں میں شامل ہیں جو ناروے کے قانون سازوں، بک میکرز کی پیشین گوئیوں اور پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اوسلو (PRIO) کے انتخاب کے ذریعے کی گئی تھیں۔
اشاعت میں کہا گیا ہے کہ دونوں ’’مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک کے الزامات کے درمیان‘‘ ہندوستان میں غلط معلومات کا مسلسل مقابلہ کر رہے ہیں اور ’’سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں اور جعلی خبروں کو مناسب طریقۂ کار کے ساتھ رد کر رہے ہیں اور نفرت انگیز تقاریر کو نشان زد کر رہے ہیں۔‘‘
دہلی پولیس کی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق مسٹر زبیر کو اس سال جون میں 2018 کے ایک ٹویٹ کے لیے گرفتار کیا گیا تھا جو ’’انتہائی اشتعال انگیز اور نفرت کے جذبات کو بھڑکانے کے لیے کافی تھا۔‘‘ دہلی پولیس نے محمد زبیر پر مذہب کی بنیاد پر مختلف گروہوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینے اور مذہبی جذبات کو مشتعل کرنے کے لیے جان بوجھ کر کارروائیاں کرنے کا الزام لگایا تھا۔
حقائق کی جانچ کرنے والے محمد زبیر کی گرفتاری نے عالمی غم و غصے کو جنم دیا تھا اور امریکی غیر منافع بخش کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس نے بھی ان کی حمایت میں ایک بیان جاری کیا تھا۔
محمد زبیر سپریم کورٹ سے ضمانت ملنے کے ایک ماہ بعد تہاڑ جیل سے رہ ہوئے تھے۔
2022 کے امن کے نوبل انعام کی دوڑ میں تقریباً 343 امیدوار ہیں، جن میں 251 افراد ہیں اور 92 تنظیمیں ہیں۔
اگرچہ نوبل کمیٹی نامزد افراد کے ناموں کا اعلان نہیں کرتی، نہ ہی میڈیا کو اور نہ ہی امیدواروں کو، لیکن رائٹرز کے ایک سروے کے مطابق امیدواروں میں بیلاروسی اپوزیشن کی سیاست دان سویاٹلانا تسخانوسکایا، براڈکاسٹر ڈیوڈ ایٹنبرو، موسمیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ، پوپ فرانسس، تووالو کے وزیر خارجہ سائمن کوفے اور دیگر شامل ہیں۔
مسٹر سنہا اور مسٹر زبیر کے علاو، یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی، اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) اور روسی حکومت سے اختلاف رائے رکھنے والے اور ولادیمیر پوتن کے ناقد الیکسی ناوالنی بھی امن انعام کے دعویدار ہیں۔
2022 کے نوبل امن انعام کے فاتحین کا اعلان اوسلو میں 7 اکتوبر کو مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے کیا جائے گا۔