دولت مشترکہ کھیل: اچنت شیولی نے بھارت کو ایک اور طلائی تمغہ دلایا

نئی دہلی، اگست 1: اچنت شیولی نے اتوار کو مردوں کے ویٹ لفٹنگ کے 73 کلوگرام زمرے میں طلائی تمغہ جیتا۔ انھوں نے اسنیچ میں ریکارڈ 143 کلوگرام وزن اٹھایا جب کہ کلین اینڈ جرک میں وہ 170 کلوگرام وزن اٹھانے میں کامیاب رہے۔ مجموعی طور پر انہوں نے 313 کلوگرام وزن اٹھایا اور گیمز میں ایک ریکارڈ قائم کیا۔

اچنت کے بعد ملائیشیا کے ہدایت محمد تھے، جنھوں نے 303 کلوگرام وزن اٹھا کر چاندی کا تمغہ جیتا۔ اس کے ساتھ ہی کینیڈا کے شاد درسیگنی نے 298 کلوگرام وزن اٹھا کر کانسے کا تمغہ جیتا۔

تمغہ جیتنے کے بعد اچنت نے کہا ’’میں بہت خوش ہوں۔ میں نے بہت سی مشکلات پر قابو پانے کے بعد یہ تمغہ جیتا۔ میں یہ تمغہ اپنے بھائی اور کوچ کو وقف کرتا ہوں۔‘‘

اچنت شیولی کی جیت کے بعد کامن ویلتھ گیمز میں ہندوستان کے کل چھ تمغے ہو گئے ہیں۔ ہندوستانی کھلاڑی اب تک تین سونے، دو چاندی اور ایک کانسے کے تمغے جیت چکے ہیں۔

اتوار کو شیولی سے پہلے ویٹ لفٹر جیریمی لاریننگا نے 67 کلوگرام زمرے میں ہندوستان کے لیے طلائی تمغہ جیتا تھا۔ فائنل میں جیریمی نے کل 300 کلو گرام وزن اٹھایا۔ برمنگھم کامن ویلتھ گیمز میں ہندوستان کا یہ پانچواں تمغہ تھا۔

ان سے پہلے میرابائی چانو نے ہفتہ کو خواتین کی ویٹ لفٹنگ میں 49 کلوگرام زمرے میں ہندوستان کے لیے پہلا طلائی تمغہ جیتا تھا۔

ہندوستان کی طرف سے اب تک تمام چھ تمغے ویٹ لفٹنگ میں آئے ہیں۔ اچنت شیولی، جیریمی لاریننگا اور میرابائی چانو کے علاوہ سنکیت سرگر نے چاندی، گروراج پجاری نے کانسہ، بندیارانی دیوی نے چاندی کا تمغہ جیتا ہے۔

کامن ویلتھ گیمز میں اب تک سب سے زیادہ تمغے آسٹریلیا نے جیتے ہیں۔ اس نے 52 تمغے حاصل کیے ہیں جن میں سے 22 گولڈ، 12 سلور اور 17 برانز میڈل ہیں۔

اس کے بعد انگلینڈ کا نمبر ہے جس نے کل 34 تمغے جیتے ہیں۔ ان میں سونے کے 11، چاندی کے 16 اور کانسے کے 7 تمغے شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ کل 19 تمغوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں نے سونے کے 10، چاندی کے 5 اور کانسے کے 4 تمغے جیتے ہیں۔ اس کے بعد کینیڈا نے مجموعی طور پر 18 اور اسکاٹ لینڈ نے مجموعی طور پر 17 تمغے جیتے ہیں۔

ویٹ لفٹنگ کے علاوہ بھارت کے لیے اتوار کو مزید دو میچوں میں اچھی خبر آئی۔ بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ میں آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر اپنی جگہ مضبوط کر لی۔

کامن ویلتھ گیمز کے کرکٹ میچ میں یہ ہندوستان کی پہلی جیت تھی۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے بھارت کو تین وکٹوں سے شکست دی تھی۔

اس کے ساتھ ہی ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم نے گھانا کو 11-0 سے شکست دی اور بڑے فرق سے جیت حاصل کی۔ پول بی کے دوسرے میچ میں آج اس کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا۔

اتوار کو باکسنگ میں ہندوستان کے ساگر نے 92 کلو گرام سپر ہیوی ویٹ میں کوارٹر فائنل میں کیمرون کے کھلاڑی کو شکست دی۔ اس کے ساتھ ہی سری ہری نٹراج نے تیراکی میں مردوں کے 50 بیک اسٹروک کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔