2002 میں نریندر مودی نے گجرات میں ’’سماج دشمن عناصر‘‘ کو سبق سکھایا: امت شاہ

نئی دہلی، نومبر 26: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کو کہا کہ 2002 میں گجرات کے وزیر اعلی کے طور پر نریندر مودی نے ’’سماج دشمن عناصر‘‘ کو سبق سکھایا تھا۔

شاہ نے کھیڈا ضلع کے مہودھا قصبے میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’انھوں نے نریندر بھائی [مودی] کے لیے مسئلہ پیدا کرنے کی کوشش کی، لیکن انھوں نے انھیں ایسا سبق سکھایا کہ انھوں نے 2022 تک کچھ کرنے کی ہمت نہیں کی۔ بی جے پی حکومت نے گجرات میں امن قائم کیا ہے۔‘‘

گجرات میں فروری اور مارچ 2002 میں گودھرا میں ہندو عقیدت مندوں کو لے جانے والی ٹرین کے ڈبے کو جلانے کے بعد بڑے پیمانے پر فرقہ وارانہ تشدد پھوٹ پڑا تھا۔ سرکاری اعداد و شمار کا کہنا ہے کہ فسادات کے نتیجے میں 790 مسلمان اور 254 ہندو مارے گئے تھے۔

مہودھا ریلی کی ایک ویڈیو میں شاہ 16 منٹ 25 سیکنڈ کے نشان کے بعد 2002 کے تشدد کے بارے میں گجراتی میں تبصرہ کرتے ہیں۔

ریلی میں شاہ نے یہ بھی الزام لگایا کہ کانگریس نے اپنے انتخابی امکانات کو تقویت دینے کے لیے مختلف مذاہب اور ذاتوں کے ووٹروں کو ایک دوسرے کے درمیان تصادم کے لیے اکسایا۔

پی ٹی آئی کے مطابق شاہ نے دعویٰ کیا ’’گجرات میں کانگریس کے دور میں [1995 سے پہلے] فرقہ وارانہ فسادات عروج پر تھے۔ اس طرح کے فسادات کے ذریعے کانگریس نے اپنا ووٹ بینک مضبوط کیا اور سماج کے ایک بڑے طبقے کے ساتھ ناانصافی کی۔‘‘

گجرات میں اسمبلی انتخابات دو مرحلوں میں یکم اور 5 دسمبر کو ہوں گے جب کہ نتائج کا اعلان ہماچل پردیش اسمبلی انتخابات کے ساتھ 8 دسمبر کو کیا جائے گا۔