اجتماعی زکوٰۃ اور سود سے پاک معیشت وقت کی ضرورت

عمرآباد کو ایک مثالی بستی بنائیں : ایچ عبد الرقیب

0

عمرآباد (دعوت نیوز ڈیسک)

اقراء میٹریکیولیشن اسکول بوائز بلاک عمرآباد میں ’’بیت المال کی اہمیت اور افادیت اسلام کی نظر میں‘‘ کے موضوع پر ایک بصیرت افروز اجلاس منعقد ہوا، جس میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے معروف ماہر مالیات، سماجی کارکن اور انڈین سنٹر آف اسلامک فائنانس کے جنرل سکریٹری جناب ایچ عبد الرقیب نے شرکت کی۔انہوں نے اپنے فکر انگیز خطاب میں اسلامی معیشت کے بنیادی اصولوں کو نہایت جامع انداز میں واضح کیا۔ انہوں نے کسبِ حلال کی اہمیت، سود کے مہلک اثرات، قرضِ حسن کی معاشرتی افادیت اور اجتماعی نظامِ زکوٰۃ پر بھرپور روشنی ڈالی۔ ان کا خطاب علم و بصیرت کا مرقع تھا جسے سامعین نے توجہ سے سنا اور سراہا۔ انہوں نے الفلاح بیت المال عمرآباد کی چار دہائیوں پر محیط خاموش خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ’’یہ ایک مثالی ادارہ ہے جو بیواؤں کو ماہانہ وظائف، ضرورت مندوں کو بلا سودی قرض اور مستحق طلبہ کو مالی امداد مہیا کر کے معاشرے کا بوجھ کم کر رہا ہے۔ ایسے ادارے اعتماد اور تعاون کے مستحق ہیں۔‘‘
عمرآباد کی خوبیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’’یہ چھوٹی سی بستی تہذیب، تعلیم اور ہم آہنگی کا حسین امتزاج ہے۔ یہاں ہندو اور مسلمان بھائی چارگی کے ساتھ زندگی بسر کرتے ہیں اور یہاں بنیادی سہولتیں دستیاب ہیں۔‘‘
جناب ایچ عبدالرقیب نے کہا ’’اب وقت آ گیا ہے کہ عمرآباد کو ایک مثالی بستی بنایا جائے—ایسی بستی جو سود سے پاک ہو، جہاں زکوٰۃ کا اجتماعی نظم قائم ہو تاکہ غربت اور افلاس کی بیڑیاں ٹوٹ سکیں‘‘ آخر میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ بیت المال کے نظام کو مضبوط بنائیں اور باہمی تعاون سے ایک مضبوط، منصفانہ اور با وقار معاشرہ قائم کریں۔ اس طرح عمرآباد کو ایک مثالی بستی بنایا جا سکتا ہے۔

 

***


ہفت روزہ دعوت – شمارہ 22 جون تا 28 جون 2025