ہندی ترجمہ قرآن کی ویب سائٹ کی زبردست پذیرائی

مولانا ولی اللہ سعیدی فلاحی کے ہاتھوں اب آڈیو سیکشن کا بھی اضافہ

0

نئی دلی: (دعوت نیوز ڈیسک)

قران کریم کے عربی متن اور ہندی ترجمہ سے متعلق ویب سائٹ quraninhindi.com جس پر قران کریم کا عربی متن اور ہندی ترجمہ کا ٹیکسٹ مواد پہلے سے موجود تھا اس میں آڈیو سیکشن کے اضافہ کا اجراء مولانا ولی اللہ سعیدی فلاحی کے ہاتھوں مرکز جماعت اسلامی کے میڈیا ہال میں عمل میں آیا۔ اس طرح عربی زبان میں تلاوت اور ہندی میں ترجمانی کے متن کو پڑھنے کے ساتھ تلاوت و ترجمانی کے سننے کا بھی نظم ہو گیا ہے۔ یہ ویب سائٹ جماعت اسلامی ہند، دہلی حلقہ کے تحت چلائی جا رہی ہے۔
امیر حلقہ دہلی جناب سلیم اللہ خان نے تقریب اجراء کی صدارتی گفتگو میں کہا کہ ہندی زبان میں قرآن کے ترجمہ کو پڑھنے اور سننے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے یہ کام مفید تر ثابت ہوا ہے۔ اس کے لیے جن احباب نے اس کام میں حصہ لیا ہے وہ مبارک باد کے مستحق ہیں۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ اس ویب سائٹ کے مشمولات کو بہتر سے بہتر بنانے کے مسلسل کی کوشش کی جا رہی ہے اور موجودہ کام اسی سمت میں ایک اچھا قدم ہے۔ جناب وارث حسین جنہوں نے اس ویب سائٹ کی ابتداء کرنے اور اس کے بہتری میں کلیدی رول ادا کیا ہے، اس سائٹ کے شروع کرنے کے محرکات اور اس کے مختلف فوائد و مراحل سے مطلع کیا اور بتایا کہ ابتداً اس میں صرف مولانا فاروق خانؒ کے ذریعہ کیا گیا ہندی ترجمہ اپلوڈ کیا گیا تھا، گزشتہ سال اس پر عربی متن ڈالنے کا نظم کیا گیا اور اب ان دونوں کی آڈیوز بھی اپلوڈ کی گئی ہیں۔ ڈاکٹر وقار انور نے اس ویب سائٹ کے مقبول اور مفید ہونے کے ثبوت کے طور پر گزشتہ سال اس کے استعمال کرنے والوں یعنی ہٹس (Hits) کے اعداد شمار پیش کیے جس کی تعداد تیس لاکھ سے زائد ہے۔ اس سے استفادہ کرنے والے افراد دنیا کے مختلف ممالک میں موجود ہیں جس کے مطابق ہندوستان میں 52 فی صد، امریکہ میں 35 فی صد، کناڈا میں چار فی صد، سعودی عرب میں 3 تین فی صد، پولینڈ، یو اے ای اور انگلینڈ میں ایک ایک فی صد اور دیگر ممالک میں تین فی صد افراد تھے۔ اس سائٹ کے تمام مراحل میں تکنیکی مہارت جناب ابصار الحق نے فراہم کی۔ موصوف نے اس کام میں اپنی فنی صلاحیتوں کے علاوہ قلبی تعلق کو برقرار رکھا۔ مولانا ولی اللہ سعیدی فلاحی کی دعا پر پروگرام اختتام پذیر ہوا۔

 

***

 


ہفت روزہ دعوت – شمارہ 19 جنوری تا 25 جنوری 2024