ترنمول کانگریس کے ٹوئٹر ہینڈل پر ہیکروں کا حملہ،لوگو اور تصویر کے ساتھ نام بھی تبدیل کر دیا
کولکاتہ،28فروری :۔
ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی ) کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر آج ہیکروں نے حملہ کر دیا ہے ۔اطلاعات کے مطابق ہیکروں نے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل کو ہیک کر لیا ہے، ہیکروں نے اس کی تصویر اور لوگو دونوں تبدیل کر دیا ہے۔ پارٹی کے قومی ترجمان اور راجیہ سبھا کے رکن ڈیرک اوبرائن نے اس کی تصدیق کی اور دعویٰ کیا کہ ٹوئٹر ہینڈل کو اس کی اصل شکل میں واپس لانے کے لیے ٹوئٹر حکام سے بات چیت جاری ہے۔
ہیک کئے گئے ہینڈل کا نام ‘یوگا لیبز’ (Yuga Labs) رکھ دیا گیا ہے اور پارٹی کے اصل لوگو کی جگہ علامتی تصویر لگا دی گئی ہے جو ‘وائی’ اور ‘ایل’ حروف کے امتزاج پر مشتمل ہے۔ تاہم ٹوئٹر ہینڈ کا ‘بلیو ٹک’ اب بھی موجود ہے۔
پارٹی ذرائع نے بتایا کہ یہ معاملہ منگل کی صبح لیڈران کے علم میں آیا اور انہیں شبہ ہے کہ ہیکنگ پیر کی دیر رات کی گئی ہے۔ پارٹی کے ایک رہنما نے کہا، ’’ٹوئٹر حکام نے رابطہ کیا ہے اور انہوں نے ہمیں جلد از جلد پارٹی کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل کو اصل شکل میں واپس دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔‘‘
تاہم، ہیک ہونے کے باوجود اس ٹوئٹر ہینڈل سے پارٹی کے بارے میں کوئی توہین آمیز تبصرہ پوسٹ نہیں کیا گیا ہے۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ ٹوئٹر حکام کو پیشرفت کے بارے میں مطلع کرنے کے علاوہ ٹی ایم سی انتظامیہ کولکاتہ پولیس کے سائبر کرائم ڈیپارٹمنٹ میں باضابطہ طور پر شکایت بھی درج کرا سکتی ہے۔