غزہ بحران پر فوری اقدام کی اپیل۔مسلم تنظیموں کے وفد کی اردن کے سفیر سے ملاقات

نئی دلی: ( دعوت نیوز ڈیسک)

مسلم تنظیموں کے ایک اعلیٰ سطحی مشترکہ وفد نے 31 جولائی 2025ء کو نئی دلی میں مملکتِ ہاشمیہ اردن کے سفیر جناب یوسف مصطفی علی عبدالغنی اور نائب سربراہِ مشن جناب فلاح سے اردنی سفارت خانے میں ملاقات کی اور اردن کی حکومت سے پر زور مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں جاری انسانی المیہ کم کرنے کے لیے فعال، ٹھوس اور مؤثر کردار ادا کرے۔ وفد نے فلسطینی عوام کی مسلسل ابتلا پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اردنی حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنے سفارتی اور انسانی ہمدردی کے اقدامات کو مزید تیز کرے۔
وفد نے معزز سفیر کی توسط سے بالخصوص اردنی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کی سخت مذمت کرے، متاثرہ فلسطینی آبادی کو فوری انسانی امداد فراہم کرے اور آزاد و خود مختار ریاستِ فلسطین کے قیام کے لیے مضبوط و دو ٹوک سفارتی و عالمی مہم شروع کرے۔
اس مشترکہ وفد میں جناب سید سعادت اللہ حسینی امیر، جماعت اسلامی ہند، ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس ترجمان، آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ، جناب عظیم اللہ قاسمی، قومی رابطہ کار، جمعیت علمائے ہند، جناب ملک معتصم خان (جنرل سکریٹری، ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس APCR)) ڈاکٹر شعیب ادریس تیمی (سکریٹری، مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند) جناب عبدالحفیظ (قومی صدر، اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا( SIO) جناب رضوان احمد رفیقی (معاون سکریٹری، جماعت اسلامی ہند) اور جناب یونس ملاح (قومی سکریٹری، ایس آئی او آف انڈیا) شامل تھے۔ وفد نے فلسطینی کاز کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مسلم دنیا سے مطالبہ کیا کہ وہ اس بگڑتے ہوئے بحران کے حل کے لیے زیادہ سے زیادہ اتحاد، ہم آہنگی اور اخلاقی قیادت کا مظاہرہ کرے۔
***

 

***

 


ہفت روزہ دعوت – شمارہ 10 جولائی تا 16 اگست 2025