دہلی شراب پالیسی معاملے میں کے سی آر کی بیٹی کا سابق سی اے گرفتار
سی بی آئی نے کیا گرفتار،تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کی بیٹی کویتا کے ساتھ ماضی میں کام کر چکا ہےچارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ، ایجنسیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ایکسائز پالیسی کے تحت لائسنس فیس کو معاف یا کم کیا گیا اور شراب کے لائسنس ہولڈرس کو ناجائز فائدہ پہنچایا گیا
نئی دہلی،08فروری :۔
دہلی شراب پالیسی معاملے میں ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے ۔اس معاملے میں متعلقہ محکمہ نے کے سی آر کی بیٹی کے سابق سی اے کو گرفتار کیا ہے۔این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کی بیٹی کویتا کے ساتھ ماضی میں کام کر چکے ایک چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کو سی بی آئی نے دہلی شراب پالیسی معاملے میں گرفتار کیا ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور سی بی آئی نے دعویٰ کیا ہے ‘ساؤتھ گروپ’ کے نام سے مشہور لابی کی ساز باز سے اور رشوت لے کر دہلی کی ایکسائز ڈیوٹی پالیسی پر نظر ثانی کرتے ہوئے بے ضابطگیاں کی گئیں۔سی بی آئی نے کہا کہ کے کویتا کے سابق آڈیٹر بوچی بابو نے اس معاملے میں ‘ساؤتھ گروپ’ کی نمائندگی کی تھی۔ ایجنسی نے کہا کہ انہیں منگل کی شام کو تعاون نہ کرنے کی وجہ سے گرفتار کیا تھا اور اس کا ردعمل ٹال مٹول والا ہے۔
سی بی آئی نے الزام لگایا ہے کہ رد کی جا چکی دہلی ایکسائز پالیسی کی تشکیل اور اس کے نفاذ میں بابو کے کردار نے حیدر آباد واقع ہول سیل اور ریٹیل لائسنس ہولڈروں اور ان کے مستفد مالکان کو غلط طریقے سے فائدہ پہنچایا۔ اس سے قبل کے کویتا سے سی بی آئی کی ایک ٹیم نے 12 دسمبر کو حیدر آباد میں اس سلسلے میں سات گھنٹے سے زیادہ تک پوچھ گچھ کی تھی ۔
اقتصادی جرائم کی تحقیقات کرنے والے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے الزام لگایا کہ کویتا "ساؤتھ کارٹیل” کا حصہ تھیں، جسے شراب پالیسی کیس میں رشوت سے فائدہ ہوا۔مرکز میں بی جے پی کی قیادت والی حکومت کے نمائندے، راجدھانی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ کی طرف سے سی بی آئی جانچ کے حکم کے بعد اے اے پی حکومت نے گزشتہ سال اس پالیسی کو واپس لے لیا تھا۔رپورٹوں کے مطابق اس گروپ میں تلنگانہ کی حکمراں بھارت راشٹر سمیتی کی کویتا، آندھرا پردیش کی حکمراں وائی ایس آر کانگریس کے رکن پارلیمنٹ مگنٹا سری نواسلو ریڈی اور اروبندو فارما کے سارتھ ریڈی شامل ہیں۔
متعدد ایجنسیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے تحت لائسنس فیس کو معاف یا کم کیا گیا اور شراب کے لائسنس ہولڈرس کو ناجائز فائدہ پہنچایا گیا۔ دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کو اس معاملے میں ملزم بنایا گیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ کی گئی تھی۔