پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے عالمی امداد طلب کی
نئی دہلی، اگست 24: پاکستان نے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی امداد اور بحالی نیز تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے لیے عالمی برادری سے مالی امداد کی اپیل کی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ موجودہ ریلیف آپریشن میں 80 ارب روپے کی ضرورت ہے اور نقصانات کے ازالے اور متاثرین کی بحالی کے لیے اربوں روپے درکار ہیں۔
پاکستان میں جولائی سے اب تک کے بڑے سیلاب میں کم از کم 830 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، ایسے حالات میں حکومت نے منگل کو سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی امداد اور بحالی نیز تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے ایک بین الاقوامی اپیل شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔
پاکستانی اخبار ڈان کی بدھ کو جاری رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے پاکستان میں سیلاب کی ہنگامی صورتحال پر ایک ہنگامی بریفنگ کے دوران کیا گیا، جسے سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا از سر نو جائزہ لینے اور ترقیاتی شراکت داروں اور عطیہ دہندگان کو بحران کی شدت سے آگاہ کرنے کے لیے بلایاگیاتھا۔
مان سون کی غیر معمولی بارش سے ہونے والی تباہی کو کم کرنے اورمدد کے لئے باہر کی جانب دیکھنے کے علاوہ وزیر اعظم نے قوم سے سیلاب زدگان کی مدد کرنے کی اپیل بھی کی کیونکہ حکومت کو سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے اربوں روپے کی ضرورت ہے۔