مہاراشٹر حکومت کسانوں کی حمایت میں ریانا کے ٹویٹ کے خلاف مشہور ہندوستانی شخصیات کے ٹویٹس کی تحقیقات کرے گی

ممبئی، فروری 8: این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق مہاراشٹر حکومت نے آج کہا ہے کہ وہ غیر ملکی شخصیات کے ذریعہ کسانوں کے احتجاج کی حمایت میں ٹویٹس کے خلاف ہندوستانی فلمی ستاروں اور مشہور شخصیات کے ٹویٹس کی تحقیقات کرے گی۔

مہاراشٹر کے وزیر داخلہ انل دیشمکھ نے کہا ’’یہ انکشاف ہوا ہے کہ تمام مشہور شخصیات نے ایک ہی پوسٹ کیے تھے اور ایک ہی وقت میں کیے تھے۔ اس لیے اس کی تحقیقات کی جائے گی کہ ایسا کیوں ہوا ہے۔‘‘

این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ حکم کانگریس کی مہاراشٹر یونٹ کے لیڈروں کے ذریعے اس بات کی تحقیقات کے مطالبے کے بعد سامنے آیا ہے کہ کیا ان مشہور شخصیات پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے ذریعے حکومت کی حمایت میں ٹویٹ کرنے کا دباؤ ڈالا گیا تھا۔

نیوز 18 کے مطابق دیش مکھ نے کہا ’’تمام ٹویٹس کا وقت اور انھیں جس مربوط انداز میں ٹویٹ کیا گیا ہے، اس سے اشارہ ہوتا ہے کہ یہ منصوبہ بند تھا۔‘‘

اس سے پہلے قبل آج ہی کانگریس لیڈر سچن ساونت نے دیشمکھ سے اس معاملے پر بات کرنے کے لیے ملاقات کی تھی۔

ساونت نے اے این آئی کو بتایا ’’وزارت خارجہ نے گلوکارہ ریانہ کے ٹویٹ پر جس طرح کا جواب دیا وہ حیرت انگیز تھا۔ اس کے بعد ہم نے مشہور شخصیات کے کئی ٹویٹس دیکھے۔ اگر کوئی ذاتی رائے دے تو ٹھیک ہے۔ لیکن اگر آپ ان ٹویٹس کا وقت، مندرجات اور سیاق و سباق دیکھیں تو ایسا لگتا ہے کہ انھیں اسکرپٹ دی گئی تھی۔‘‘

ساونت نے یہ بھی نشان دہی کی کہ اداکار اکشے کمار اور بیڈ منٹن کھلاڑی سائنا نہوال کے ٹویٹس بالکل یکساں تھے، جب کہ ایک اور اداکار سنیل شیٹی نے اپنے ٹویٹ میں بی جے پی رہنما کو ٹیگ کیا تھا۔

معلوم ہو کہ گذشتہ ہفتے نریندر مودی حکومت اور پاپ گلوکارہ ریحانہ کے درمیان، زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں کی حمایت میں گلوکارہ کے ٹویٹ کرنے کے بعد تنازعہ ہوگیا تھا۔ ریحانہ کے ٹویٹ نے کسانون کے احتجاج کے طرف عالمی توجہ مبذول کرائی اور اس کے بعد بہت سی عالمی شخصیات نے کسانوں کی حمایت میں ٹویٹس کیے۔

کسانوں کے تئیں اپنے رویے کو لے کر ہندوستانی حکومت کی بین الاقوامی مذمت کے بعد وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کیا اور ان ٹویٹس کو ہندوستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنے کی کوشش قرار دیا۔

تھوڑی ہی دیر بعد بہت سے اداکار، مشہور شخصیات اور کھیلوں کے ستاروں نے، جن میں سے بہت سے کسانوں کے احتجاج پر طویل عرصے سے خاموش ہیں، ایک ساتھ حکومت کی حمایت میں ٹویٹ کرنا شروع کردیا اور حکومتی بیان کو بھی شیئر کیا۔ انھوں نے وزارت خارجہ کے ذریعہ تیار کردہ #انڈیا اگینسٹ پروپیگنڈا اور #انڈیا ٹوگیتھر ہیش ٹیگز کا استعمال کیا اور قوانین کی حمایت میں یکساں پیغامات لکھے۔

ایک تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا ہے ان میں بہت سارے ٹویٹس میں ایک ہی طرح کے الفاظ اور فقرے تھے۔