پولیس کی اجازت کے بغیر تقریبات کا اہتمام نہ کریں، دہلی یونیورسٹی نے کالجز سے کہا

نئی دہلی، اکتوبر 28: دہلی یونیورسٹی نے جمعرات کو کہا کہ کالجوں اور شعبوں کو پولیس کی اجازت کے بغیر تقریبات کا انعقاد نہیں کرنا چاہیے اور اس طرح کے پروگرام سب کے لیے کھلے نہیں ہونے چاہئیں۔

یونیورسٹی نے یہ ایڈوائزری اس واقعے کے دو ہفتوں کے بعد جاری کی ہے، جب مردوں کے ایک گروپ نے شہر کے مرانڈا ہاؤس کالج کی باؤنڈری وال پھاند کر دیوالی کی تقریب کے دوران طالبات کو مبینہ طور پر ہراساں کیا۔

دہلی یونیورسٹی پراکٹر آفس کی طرف سے جاری کردہ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کے پروگراموں میں رجسٹریشن کے بعد ہی داخلے کی اجازت دی جانی چاہیے۔

یونیورسٹی نے کہا ’’پولیس کی پیشگی اجازت کے بغیر کسی بھی پروگرام کا انعقاد نہیں کیا جانا چاہیے یا ہنگامی صورت حال / وقت کی کمی کی صورت میں کم از کم ایک دن پہلے پولیس اسٹیشن، موریس نگر کو اطلاع دی جانی چاہیے۔‘‘

کالجوں کو یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ تقریبات یا تہواروں کے دوران رضاکاروں کو تعینات کریں۔ یونیورسٹی نے کالجوں سے یہ بھی کہا کہ وہ پولیس کو تعینات رضاکاروں کی تعداد کے بارے میں مطلع کریں۔

مزید یونیورسٹی نے کالجوں اور شعبوں کو مشورہ دیا کہ وہ ضرورت کے مطابق فائر سیفٹی یا بجلی کے محکموں سے بھی اجازت حاصل کریں۔

اس میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی بھی رہنما خطوط پر عمل نہیں کیا جاتا ہے تو ’’کالج/شعبہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے لیے مکمل طور پر ذمہ دار ہوگا۔‘‘