دہلی: گوکل پوری کے علاقے میں جھونپڑیوں میں آگ لگنے کے سبب سات افراد ہلاک
نئی دہلی، مارچ 12: این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق آج نئی دہلی کے گوکل پوری علاقے کی جھونپڑیوں میں آگ لگنے سے کم از کم سات افراد ہلاک ہو گئے اور ساٹھ جھونپڑیاں جل گئیں۔
دہلی فائر سروس ڈپارٹمنٹ نے بتایا کہ آگ رات میں تقریباً ایک بجے لگی۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق 13 فائر ٹینڈرز کو جائے وقوعہ پر پہنچایا گیا اور صبح 4 بجے تک آگ پر قابو پالیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس نے کہا کہ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ٹیمیں موقع پر روانہ کردی گئیں۔
انھوں نے کہا ’’ہم نے فائر ڈپارٹمنٹ سے بھی رابطہ کیا جس نے بہت اچھا رسپانس دیا…سات جانیں ضائع ہوئیں۔‘‘
ایک اہلکار نے آئی اے این ایس کو بتایا کہ مرنے والوں میں ایک 11 سالہ بچہ بھی شامل ہے۔
As many as seven people, including an 11-year-old child, were charred to death in a major fire that broke out at #Gokalpuri village of the national capital (#Delhi), an official said on Saturday. https://t.co/bIFTsr107Q pic.twitter.com/tGGQ5ptZit
— IANS Tweets (@ians_india) March 12, 2022
دہلی کے فائر ڈائریکٹر اتل گرگ نے اے این آئی کو بتایا ’’ہم نے سات جلی ہوئی لاشیں برآمد کیں جو ناقابل شناخت ہیں، ایسا لگتا ہے کہ یہ لوگ سو رہے تھے اور آگ بہت تیزی سے پھیلنے کی وجہ سے بچ نہیں سکے۔ ساٹھ جھونپڑیاں بھی مکمل طور پر جل گئیں۔ ہمیں ابھی تک آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہیں۔‘‘
دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے ایک ٹویٹ میں کہا ’’میں علاقے میں جاؤں گا اور مرنے والوں کے اہل خانہ سے ملاقات کروں گا۔‘‘