دہلی کے رہائشیوں کے لیے اب بجلی کے بل پر سبسڈی لینے نہ لینے اختیار، اروند کیجریوال کا اعلان
نئی دہلی، ستمبر 14: دہلی کے باشندوں کو اب یہ انتخاب کرنے کا اختیار ہوگا کہ آیا وہ اپنے بجلی کے بلوں پر سبسڈی چاہتے ہیں یا نہیں۔ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے بدھ کو اس کا اعلان کیا۔
فی الحال دہلی میں تمام صارفین کو ہر ماہ 200 یونٹ تک مفت بجلی ملتی ہے۔ اور انھیں اگلے 200 یونٹس پر 800 روپے کی سبسڈی ملتی ہے۔
بدھ کے روز کیجریوال نے کہا کہ صارفین کو سبسڈی کا انتخاب کرنے کے لیے فون نمبر 7011311111 پر مس کال کرنا ہوگی، جس کے بعد انھیں درخواست دینے کے لیے ایک فارم دیا جائے گا۔
ایک پریس کانفرنس میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صارفین آف لائن موڈ پر بھی سبسڈی کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ دی انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق اس کے لیے صارفین کو فزیکل بل کے ساتھ فارم موصول ہوگا۔ اس کے بعد انھیں بلنگ سنٹر پر فارم جمع کرانا ہوگا جس میں علاحدہ سبسڈی کاؤنٹر ہوگا۔
کیجریوال نے بدھ کو اس فیصلے کا اعلان کرنے کے بعد کہا ’’کچھ لوگ بجلی مفت نہیں لینا چاہتے۔‘‘
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ رہائشی جو 31 اکتوبر تک سبسڈی کے لیے درخواست دیتے ہیں اس مہینے کے فوائد حاصل کریں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہر ماہ لوگ سبسڈی کے لیے درخواست دے سکتے ہیں‘‘۔
کیجریوال نے مئی میں بجلی کے بلوں پر سبسڈی کو اختیاری بنانے کے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ کئی رہائشیوں نے انھیں بتایا ہے کہ وہ بجلی بل کی ادائیگی کرنے کے قابل ہیں اور اسے سبسڈی والے نرخ پر نہیں چاہتے۔
انھوں نے یہ تبصرہ ایک ایسے وقت میں کیا تھا جب شمالی ہندوستان کے دیگر کئی حصوں کی طرح دہلی میں بھی گرمی کی لہر چل رہی تھی، جس کی وجہ سے بجلی کی مانگ بڑھ گئی تھی اور کوئلے کی کمی کی وجہ سے ملک کے کئی حصوں میں تھرمل پاور پلانٹس کو طلب کو پورا کرنا مشکل ہو رہا تھا۔