کورونا وائرس: گذشتہ ایک دن میں 40،953 نئے کیسز کے ساتھ پچھلے چار ماہ میں سب بڑا یومیہ اضافہ
نئی دہلی، مارچ 20: ملک بھر میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 40،953 نئے متاثرین سامنے آنے کے بعد ملک میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 1،15،55،284 ہوگئی۔ این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق 29 نومبر کے بعد سے یہ سب سے بڑا یومیہ اضافہ ہے۔
ملک میں فی الحال 2،88،394 فعال مقدمات ہیں اور اب تک 1،11،07،332 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ وہیں مزید 188 ہلاکتوں نے مہلوکین کی تعداد 1،59،558 تک پہنچا دی ہے۔
ہندوستان میں کورونا وائرس سے اموات کی شرح 1.38 فیصد ہے اور صحت یابی کی شرح 96.26 فیصد رہی ہے۔
ملک میں اب تک کل 4،20،63،392 افراد کو ویکسین دیا جاچکا ہے۔ ان میں سے 27،23،575 نے جمعہ کو ہی ویکسین لی۔
مہاراشٹر میں ایک ہی دن میں 25،681 نئے کیس رپورٹ ہوئے، جس سے ریاست میں متاثرین کی تعداد 24،22،021 ہو گئی۔ جب کہ ریاست میں اب تک 53،208 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
جمعہ کے روز مہاراشٹرا حکومت نے کورونا وائرس کیسوں میں اضافے سے نمٹنے کے لیے روک تھام کے ایک نئے سیٹ کا اعلان کیا۔ ریاست کے تمام دفاتر، سنیما ہال اور آڈیٹوریم 31 مارچ تک 50 فیصد قوت کے ساتھ کام کریں گے۔ شاپنگ مالز میں صرف ماسک پہننے والے افراد کو ہی داخلے کی اجازت ہوگی۔ ممبئی کے شہری حکام نے تمام مالوں کے لیے لازمی قرار دیا ہے کہ وہ یہ یقینی بنائیں کہ آنے والے اپنے ساتھ منفی ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ کی رپورٹ لے کر آئیں۔
دہلی میں گذشتہ ایک دن میں 716 نئے مقدمات درج ہوئے، جس سے قومی دارالحکومت میں متاثرین کی مجموعی تعداد 6،46،348 تک پہنچ گئی۔ یہ اس سال کا سب سے بڑا یومیہ اضافہ ہے۔
وہیں جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق عالمی سطح پر کورونا وائرس نے 12.22 کروڑ سے زائد افراد کو متاثر کیا ہے اور 27.01 لاکھ سے زیادہ افراد کو ہلاک کیا ہے۔