کورونا وائرس: گذشتہ ایک دن میں 3.62 لاکھ نئے کیسز، 4،120 اموات
نئی دہلی، مئی 13: محکمہ صحت کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ ایک دن میں ملک بھر میں کورونا وائرس کے 3،62،727 نئے کیسز رجسٹر ہوئے ہیں، جس کے بعد ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2،37،03،665 ہوگئی ہے۔ وہیں گذشتہ ایک دن میں 4،120 افراد کی اموات کے ساتھ ہی ملک میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 2،58،317 تک جاپہنچی ہے۔
ملک میں اس وقت 37،10،525 فعال معاملات ہیں۔ جب کہ 1،97،34،823 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
دریں اثنا ڈرگ کنٹرولر جنرل آف انڈیا نے دو سے 18 سال کی عمر کے بچوں کے لیے بھارت بایوٹیکس کی ویکسین کوویکسن کے کلینیکل ٹرائلز کی منظوری دے دی۔ یہ ٹرائلز 525 صحتمند رضاکاروں پر کیا جائے گا۔
وہیں عالمی ادارۂ صحت نے ہندوستان میں کورونا وائرس کے معاملات میں بڑے پیمانے پر اضافے کو مذہبی اور سیاسی اجتماعات کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ معلوم ہو کہ ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے درمیان اترپردیش میں پنچایت انتخابات، چار ریاستوں اور ایک مرکزی علاقے میں اسمبلی انتخابات اور ہریدوار میں کمبھ میلہ منعقد کئے گئے۔
ہندوستان میں کورونا وائرس کے سبب روزانہ ہزاروں اموات ہو رہی ہیں، لیکن اطلاعات کے مطابق حکومت اموات کی اصل تعداد کو چھپا رہی ہے۔
گذشتہ کچھ دنوں سے کوویڈ 19 کے مشتبہ افراد کی لاشیں گنگا میں تیرتی ہوئی پائی گئیں، جس سے بہار اور اتر پردیش میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ بدھ کے روز اترپردیش کے انّاؤ ضلع میں گنگا ندی کے کنارے کم سے کم دو مقامات پر متعدد لاشیں ریت میں بھی پڑی ملی تھیں۔
معاملات میں بڑے پیمانے پر اضافے کے باوجود متعدد ریاستیں ویکسین کی قلت کی پریشانی سے دوچار ہیں۔ بدھ کے روز مہاراشٹر اور کرناٹک نے اعلان کیا کہ وہ 18-44 عمر کے افراد کے لیے عارضی طور پر ویکسینیشن ویکسین کی قلت کے سبب معطل کر رہے ہیں۔
وہیں دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے کہا کہ بھارت بایوٹیک نے قومی دارالحکومت میں کوویکسن کی اضافی خوراک کی فراہمی سے انکار کردیا ہے، جس کی وجہ سے 100 سے زائد ویکسینیشن مراکز کو بند کرنا پڑا۔
دریں اثنا مہاراشٹر کے وزیر صحت راجیش ٹوپے نے بتایا کہ سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر آدر پوناوالا نے 20 مئی کے بعد کوویشیلڈ کی ڈیڑھ کروڑ خوراک مہاراشٹر میں پہنچانے کا وعدہ کیا ہے۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق دسمبر 2019 میں وبائی امراض پھیلنے کے بعد عالمی سطح پر کورونا وائرس اب 16 کروڑ سے زائد افراد کو متاثر کر چکا ہے اور 33.26 لاکھ سے زائد افراد اس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔