بھارت بایوٹیک کو 2-18 سال کی عمر کے بچوں پر ’کوویکسین‘ کے کلینیکل ٹرائلز کی منظوری ملی

نئی دہلی، مئی 13: ملک کے ڈرگس کنٹرولر جنرل نے آج بھارت بایوٹیک کو دو سے 18 سال کی عمر کے بچوں پر اس کی کورونا وائرس ویکسین ’کوویکسین‘ کے دوسرے اور تیسرے مرحلے کے کلینیکل ٹرائلز کرنے کی اجازت دے دی۔ یہ ویکسین ملک میں بچوں پر ٹیسٹ کی جانے والی پہلی ویکسین ہے۔

وزارت صحت اور خاندانی بہبود کے مطابق یہ ٹرائلز 525 صحت مند رضاکاروں پر مبنی ہوگا۔

مرکز نے بتایا کہ سبجیکٹ ایکسپرٹ کمیٹی نے منگل کے روز بھارت کوویکسین کے کلینیکل ٹرائلز بچوں پر کرنے کے لیے بھارت بایوٹیک کی تجویز پر تبادلہ خیال کیا۔

ایک نامعلوم عہدیدار کے حوالے سے اسکرول ڈاٹ اِن نے رپورٹ کیا ہے کہ کمیٹی نے ایک شرط رکھی تھی کہ بھارت بایوٹیک کو دوسرے مرحلےکے کلینیکل ٹرائل کا عبوری حفاظتی ڈاٹا اور سیفٹی مانیٹرنگ بورڈ کی سفارشات کو تیسرے مرحلے کے ٹرائلز سے قبل سنٹرل ڈرگس اسٹینڈرڈ کنٹرول آرگنائزیشن کو جمع کروانا ہوگا۔

معلوم ہو کہ وبائی مرض کے دوسرے مرحلے میں مزید بچے کورونا وائرس سے متاثر ہو رہے ہیں۔

مرکزی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق یکم مارچ سے چار اپریل کے درمیان مہاراشٹر، چھتیس گڑھ، اتر پردیش، کرناٹک اور دہلی کے تقریباً 80،000 بچوں نے وائرس کا مثبت تجربہ کیا تھا۔ ان میں سے صرف ایک مہینے میں ہی مہاراشٹر میں 60،000 سے زیادہ بچے متاثر ہوئے تھے۔

دریں اثنا گذشتہ ایک دن میں ملک بھر میں 3،62،727 نئے کورونا وائرس کے کیسز رجسٹر ہوئے ہیں اور 4،120 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ملی ہے۔

معاملات میں بڑے پیمانے پر اضافے کے باوجود متعدد ریاستیں ویکسین کی قلت کا شکار ہیں۔ بدھ کے روز، مہاراشٹر اور کرناٹک نے کہا کہ وہ 18-44 عمر کے افراد کے لیے عارضی طور پر ویکسینیشن معطل کر رہے ہیں۔