انلاکنگ: دہلی میں پیر کے روز سے تماشائیوں کے بغیر اسٹیڈیم اور کھیلوں کے احاطے دوبارہ کھولنے کی اجازت، مذہبی اور دیگر اجتماعات پر پابندی جاری رہے گی
نئی دہلی، جولائی 4: پی ٹی آئی کی خبر کے مطابق دہلی حکومت نے شہر میں اسٹیڈیم اور کھیلوں کے کمپلیکسز کو بغیر تماشائیوں کے پیر سے دوبارہ کھولنے کی اجازت دے دی ہے، کیوں کہ حکام نے کورونا وائرس سے متعلق پابندیوں میں نرمی کی ہے۔
تاہم ہفتہ کے روز دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے جاری کردہ ایک حکم میں کہا گیا ہے کہ سنیما ہال، ملٹی پلیکس، سوئمنگ پول، اسکول اور کالج ابھی بھی بند رہیں گے۔ سماجی، سیاسی، ثقافتی، مذہبی اور اس طرح کے دیگر اجتماعات پر بھی پابندی برقرار رہے گی۔ حکم نامے کے مطابق یہ پابندیاں 12 جولائی کی صبح 5 بجے تک جاری رہیں گی۔
دریں اثنا دہلی میٹرو ٹرینیں اور پبلک ٹرانسپورٹ بسیں 50 فیصد گنجائش کے ساتھ چلتی رہیں گی۔
حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’معیاری طریقہ کار اور حکومت کے دیگر رہنما خطوط پر سختی سے عمل پیرا ہونا ہوگا اور اسٹیدیم اور کھیلوں کے احاطے کھولتے وقت کووڈ کے رہنما خطوط کی تعمیل کرنی ہوگی۔‘‘
معلوم ہو کہ دہلی 19 اپریل سے 30 مئی کے درمیان مکمل طور پر لاک ڈاؤن میں تھا۔ 31 مئی سے حکام نے مرحلہ وار پابندیوں میں نرمی کی ہی، جب کورونا وائرس کے یومیہ معاملات میں کمی آئی ہے۔
دہلی میں ہفتہ کے روز 86 نئے کیسز ریکارڈ ہوئے اور پانچ اموات ہوئیں۔ قومی دارالحکومت میں مثبت شرح 0.20 تک نیچے آگئی ہے۔
پچھلے ہفتے ڈی ڈی ایم اے نے جم اور یوگا انسٹی ٹیوٹس کو نصف صلاحیت پر کام کرنے کی اجازت دی تھی۔ 7 جون کو مارکیٹوں، مالز اور دہلی میٹرو خدمات کو 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ کام کرنے کی اجازت دی گئی۔ 14 جون سے 50 فیصد کی شرط مارکیٹوں اور مالز کے لیے ہٹا دی گئی۔