لاک ڈاؤن: دہلی میں پابندیاں 7 جون تک بڑھا دیں گئیں، تاہم مینوفیکچرنگ اور تعمیراتی کام کچھ رہنما خطوط کی پابندی کے ساتھ پیر سے شروع کرنے کی اجازت
نئی دہلی، مئی 30: دہلی میں کورونا وائرس سے منسلک لاک ڈاؤن کو 7 جون تک بڑھا دیا گیا ہے۔ تاہم مینوفیکچرنگ اور تعمیراتی سرگرمیوں کو کچھ پروٹوکول کی پابندی کے ساتھ پیر سے دوبارہ کام کرنے کی اجازت ہوگی۔
دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ایک آرڈر میں کہا کہ کمپنیوں کو کام کے اوقات اور دوپہر کے کھانے کے وقفوں کو دھیان میں رکھنا ہوگا اور اپنے احاطے کو سینیٹائز کرتے رہنا ہوگا۔ آرڈر میں مزید کہا گیا ہے کہ رینڈم کوویڈ 19 کی جانچ باقاعدگی سے مینوفیکچرنگ یونٹوں اور تعمیراتی مقامات پر کی جائے گی۔ ملازمین کی تھرمل اسکریننگ کی جائے گی اور احاطے کے اندر صرف علامات سے مبرا افراد کو ہی آنے کی اجازت ہوگی۔
پی ٹی آئی کے مطابق دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مزید کہا کہ ہم ضلعی مجسٹریٹ اور پولیس کی خصوصی ٹیمیں تعینات کریں گے تاکہ یہ معلوم کریں کہ کمپنیاں پروٹوکول پر عمل پیرا ہیں یا نہیں۔
تاہم دہلی میں روزانہ کورونا وائرس کے معاملات میں کمی آرہی ہے۔ ہفتے کے روز دارالحکومت میں 956 نئے کیسز درج ہوئے اور 122 اموات ریکارڈ کی گئیں۔ 22 مارچ کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب دہلی میں روزانہ کے معاملات 1،000 سے نیچے آئے۔
اس سے قبل جمعہ کے روز وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اعلان کیا تھا کہ دارالحکومت میں ’’انلاک‘‘ کا عمل 31 مئی سے شروع ہوگا۔ انھوں نے مزید کہا تھا کہ حکومت پہلے کمزور معاشی طبقات پر توجہ دے گی۔
کیجریوال نے مزید کہا تھا کہ شہریوں کی تجاویز اور ماہرین کے مشوروں پر یہ پابندیاں ہفتے در ہفتے مکمل طور پرختم کردی جائیں گی۔ انھوں نے متنبہ کیا کہ اگر معاملات ایک بار پھر بڑھنا شروع ہوگئے تو انلاک کرنے کا عمل روکنا پڑے گا۔