کورونا وائرس: کم از کم چھ ریاستیں ویکسین کی قلت کا شکار، مرکز سے مزید ویکسین طلب کی
نئی دہلی، اپریل 7: آندھرا پردیش، چھتیس گڑھ، ہریانہ، مہاراشٹر، اوڈیشہ اور تلنگانہ سمیت کم از کم چھ ریاستیں کورونا وائرس ویکسین کی قلت کا سامنا کررہی ہیں، جب ملک بھرمیں وائرس کی دوسری لہر تیزی کے ساتھ پھیل رہی ہے۔ ان ریاستوں میں سے بیشتر مرکزی حکومت کو اس صورت حال سے پہلے ہی آگاہ کرچکے ہیں۔
بھارت اس وقت ویکسینیشن کے اپنے تیسرے مرحلے میں ہے، جہاں 45 سال سے زیادہ عمر کے افراد ویکسین لینے کے اہل ہیں۔ سرکاری اور نجی اسپتالوں میں اب تک آٹھ کروڑ سے زیادہ افراد کو ویکسین دی جاچکی ہے۔
وہیں گذشتہ روز ملک نے کورونا وائرس کے معاملات میں سب سے بڑا اضافہ دیکھا، جب ملک بھر میں 1،15،736 نئے معاملات سامنے آئے۔
دریں اثنا منگل کو سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر آدار پونا والا نے کہا کہ ان کی کمپنی کی کورونا وائرس ویکسین تیار کرنے کی موجودہ صلاحیت ’’بہت دباؤ‘‘ کا شکار ہے اور جون تک پیداوار میں اضافہ کرنے کے لیے کمپنی کو 3،000 کروڑ روپیے درکار ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ سیرم انسٹی ٹیوٹ ہندوستان کی ویکسین کی ضرورت کو ترجیح دے رہا ہے لیکن اس کے باوجود وہ ہر شہری کو ویکسین کی فراہمی کرنے کے قابل نہیں ہے۔
آندھرا پردیش کے کمشنر (صحت اور خاندانی بہبود) کتامنینی بھاسکر نے اکنامک ٹائم کو بتایا کہ آندھرا پردیش میں ویکسین کا ذخیرہ جمعرات تک ختم ہوجائے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ریاست کے پاس صرف 3.5 لاکھ ویکسینیں باقی ہیں۔
منگل کے روز نیلور کوویڈ ویکسین ختم کرنے والا ملک کا پہلا ضلع بن گیا۔ بدھ کے روز ریاست کے مزید دو اضلاع میں اسٹاک ختم ہونے کا امکان ہے۔
بھاسکر نے اخبار کو بتایا ’’ہمیں کوویڈ ویکسین کی فراہمی بہت کم کی گئی ہے۔ ہم نے حکومت ہند سے اضافی ویکسین طلب کی ہے۔ پرسوں تک ہمارے اسٹاک ختم ہوجائیں گے۔‘‘
انھوں نے مزید کہا کہ اس صورت میں وہ ٹیکے روکنے پر مجبور ہوجائیں گے کیوں کہ مرکز نے کہا ہے کہ مزید ویکسین ‘‘15 اپریل کے بعد ہی‘‘ بھیجی جاسکتی ہے۔
وہیں تلنگانہ کے وزیر صحت ایاٹالہ راجیندر نے کہا کہ ریاست کے پاس ویکسین کا ذخیرہ اتنا ہی ہے، جو اگلے تین دن تک کے لیے کافی ہوگا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ریاست روزانہ 1 لاکھ افراد کو ویکسین دے سکتی ہے لیکن سپلائی میں کمی کے باعث روز 60،000 سے 70،000 کے قریب ٹیکے لگا رہی ہے۔
چھتیس گڑھ میں بھی ویکسین کا اسٹاک ختم ہوچکا ہے اور وہ پیر کو صرف 20،000-30،000 افراد کو ہی ویکسین دے سکے۔ ریاست کے وزیر صحت ٹی ایس سنگھ دیو نے کہا کہ تاہم اب انھیں 3،25،000 خوراکوں کی تازہ کھیپ مل گئی ہے۔ اس سے قبل ریاست میں روزانہ تقریباً 3 لاکھ افراد کو ٹیکہ لگایا جاتا تھا۔
دریں اثنا اس وائرس سے ملک کی سب سے زیادہ متاثرہ ریاست مہاراشٹر کے وزیر صحت راجیش ٹوپے نے آج بتایا کہ مہاراشٹرا میں تین دن میں کورونا وائرس ویکسین کا ذخیرہ ختم ہوجائے گا۔ انھوں نے کہا ’’ہم نے مرکز سے مزید ویکسین بھیجنے کی درخواست کی ہے۔ ریاست میں روزانہ سب سے زیادہ کیس آتے ہیں۔ ممبئی میں بھی صرف تین دن کا اسٹاک موجود ہے۔‘‘
پچھلے ہفتے اوڈیشہ کے چیف سکریٹری پی کے مہاپاترا نے بھی مرکزی وزارت صحت کو ویکسین ختم ہونے کے بارے میں لکھا تھا۔ ہریانہ حکومت نے بھی کہا ہے کہ اس کے پاس کوویشیلڈ کی قریب 5 لاکھ خوراکیں ہیں لیکن کوویکسین کی صرف 53،000 خوراکیں ہیں، جو اگلے چار دن میں ختم ہوجائیں گی۔