کانگریس کی ‘بھارت جوڑو یاترا’ 7 ستمبر سے شروع
نئی دہلی، اگست 9: کانگریس نے کہا ہے کہ ادے پور کے منشور کے مطابق کنیا کماری سے کشمیر تک پارٹی کا ‘بھارت جوڑو یاترا’ اگلے ماہ 7 ستمبر سے شروع ہوگا۔
آج کے دن 9 اگست 1942 کو مہاتما گاندھی کی قیادت میں انڈین نیشنل کانگریس نے ‘بھارت چھوڑو’ تحریک شروع کی اور اس کے پانچ سال بعد ملک کو آزادی ملی، کانگریس کے میڈیا شعبہ کے سربراہ جے رام رمیش نے منگل کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس تاریخی واقعہ کے 80 سال بعد 7 ستمبر سے کانگریس کنیا کماری سے کشمیر تک ‘بھارت جوڑو یاترا’ شروع کرے گی جو 12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں سے ہوتے ہوئے 150 دنوں میں 3500 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔ کانگریس قائدین اور کارکنان بشمول مسٹر راہل گاندھی اس یاترا میں شرکت کریں گے۔
کانگریس نے ان تمام لوگوں سے جو ‘بھارت جوڑو یاترا’ میں شامل ہونا چاہتے ہیں، ان سے اپیل کی ہے کہ وہ خوف اور تعصب کی سیاست کو تبدیل کرنے اور روزی روٹی کو نقصان پہنچانے والے حالات، بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور عدم مساوات کو تبدیل کرنے کی قومی کوشش کا حصہ بنیں۔
دریں اثنا، کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے بھی لوگوں سے ‘بھارت جوڑو’ یاترا میں شامل ہونے کی اپیل کی اور ٹویٹ کیا، "اس دن، ہندوستان چھوڑو تحریک کے نعرے کے ساتھ متحد ہو کر ہندوستانیوں نے سفاک برطانوی راج کے خلاف جنگ شروع کی تھی۔ ہماری سب سے بڑی طاقت یکجہتی ہے۔ آئیے ہم ‘بھارت جوڑو’ کا عہد کریں اور تنوع میں اتحاد کا پرچم بلند کرنے کے لیے پرعزم ہوں۔