کانگریس صدر کے انتخاب کا نوٹیفکیشن جاری
نئی دہلی،22 ستمبر 2022: کانگریس کے الیکشن انچارج مدھوسودن مستری نے بتایا کہ پارٹی صدر کے انتخاب کے لیے آج نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے اور 24 سے 30 ستمبر تک کسی بھی دن صبح 11 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک کاغذات نامزدگی داخل کیے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال یکم اکتوبر کو کی جائے گی اور جن امیدواروں کے نام درست پائے جائیں گے ان کی فہرست بھی اسی دن کی شام تک جاری کر دی جائے گی۔ امیدوار 8 اکتوبر تک اپنے نام واپس لے سکتے ہیں۔
الیکشن انچارج نے بتایا کہ امیدواروں کی حتمی فہرست 8 اکتوبر کو شام 5 بجے کے بعد شائع کی جائے گی اور پھر 17 اکتوبر کو صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک صدر کے عہدہ کے لیے تمام ریاستی ہیڈکوارٹرز میں ووٹنگ ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی پارٹی ہیڈ کوارٹر میں 19 اکتوبر کو صبح 10 بجے شروع ہوگی اور ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد انتخابی نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔
کانگریس صدر کے عہدہ کے لئے انتخاب لڑنے کی بحث کے درمیان، کیرالہ سے پارٹی کے لوک سبھا رکن ششی تھرور نے بدھ کو یہاں پارٹی کے انتخابی انچارج مدھو سودن مستری سے ملاقات کی۔
خبریں ہیں کہ مسٹر تھرور نے اس سے قبل پارٹی صدر سونیا گاندھی سے بھی ملاقات کی تھی۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ مسٹر تھرور نے محترمہ گاندھی سے کہا کہ وہ صدر کے عہدے کے لیے انتخاب لڑنا چاہتے ہیں، جس پر پارٹی صدر نے کہا کہ کوئی بھی شخص انتخاب لڑ سکتا ہے اور اگر آپ چاہیں تو آپ بھی انتخاب لڑ سکتے ہیں۔
مسٹر مستری سے جب اس بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ کانگریس کے آئین میں کوئی بھی شخص صدر کے عہدہ کے لیے انتخاب لڑ سکتا ہے۔ مسٹر تھرور اگر صدارتی امیدوار بننے کے خواہاں ہیں تو پارٹی ان کے فیصلے کا خیر مقدم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی امیدوار بن رہا ہے اسے کاغذات نامزدگی سے قبل دس ڈیلیگیٹس کے دستخط حاصل کر کے الیکشن افسر کو جمع کرانا ہوگا جس کے بعد ان کے کاغذات نامزدگی کی جانچ کی جائے گی اور مقابلہ کرنے والے رہنماؤں کے ناموں کی فہرست تیار کی جائے گی۔ اس عہدے کے لیے انتخاب 17 اکتوبر کو ہونا ہے اور ووٹوں کی گنتی 19 اکتوبر کو ہوگی۔