کانگریس نے 21 پارٹیوں کو بھارت جوڑو یاترا کے اختتامی پروگرام میں شامل ہونے کی دعوت دی

نئی دہلی، جنوری 12: کانگریس نے بدھ کو 21 سیاسی جماعتوں کو سرینگر میں 30 جنوری کو ہونے والی بھارت جوڑو یاترا کے اختتامی پروگرام میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔

ترنمول کانگریس، جنتا دل یونائیٹڈ، تیلگو دیشم پارٹی، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ)، راشٹریہ جنتا دل، سماج وادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی مدعو پارٹیوں میں شامل ہیں۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق اروند کیجریوال کی زیر قیادت عام آدمی پارٹی کو مدعو نہیں کیا گیا ہے۔

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ ان کی موجودگی پارٹی کے سچائی، ہمدردی اور عدم تشدد کے پیغام کو تقویت دے گی۔

بھارت جوڑو یاترا 7 ستمبر کو تامل ناڈو سے شروع ہوئی تھی۔ کانگریس کے مطابق مارچ کا مقصد بھارتیہ جنتا پارٹی کی نفرت کی سیاست کا مقابلہ کرنا ہے۔ یاترا اس وقت پنجاب میں ہے۔

بدھ کے روز کھڑگے نے پارٹیوں کے صدور کو لکھے ایک خط میں کہا کہ کانگریس نے ہر ’’ہم خیال‘‘ پارٹی کی شمولیت کی کوشش کی ہے۔

کھڑگے نے کہا ’’آج ہندوستان کو معاشی، سماجی اور سیاسی بحران کا سامنا ہے۔ اس وقت جب پارلیمنٹ اور میڈیا میں اپوزیشن کی آواز کو دبایا جا رہا ہے، یاترا لاکھوں لوگوں سے براہ راست جڑ رہی ہے۔‘‘

کھڑگے نے کہا کہ اس مارچ کے ذریعہ کانگریس پارٹی نفرت اور تشدد سے لڑنے کے لیے پرعزم ہے۔

کھڑگے نے کہا ’’ہمارے ملک کے لیے بحران کے اس وقت میں، جب عوام کی توجہ لوگوں کے مسائل سے منظم طریقے سے ہٹائی گئی ہے، یاترا ایک طاقتور آواز کے طور پر ابھری ہے۔ مجھے امید ہے کہ آپ شرکت کریں گے اور اس کے پیغام کو مزید مضبوط کریں گے۔‘‘