
علی گڑھ: (دعوت نیوز ڈیسک)
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی ریزیڈنشیئل کوچنگ اکیڈمی (آر سی اے) میں یو پی ایس سی سِول سروسز اور دیگر مقابلہ جاتی امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ’سوپر 30 پروگرام 2025‘ کا باقاعدہ آغاز بھی عمل میں آیا، جس کا مقصد یونیورسٹی کے سال اوّل، دوم اور سوم کے باصلاحیت طلبہ کو ابتدائی سطح پر کوچنگ کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
آر سی اے کے ڈائریکٹر پروفیسر محمد حسن نے استقبالیہ خطاب میں ’سوپر 30‘ پروگرام کی اہمیت اور مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ نومبر 2025 میں ایک داخلی مسابقتی امتحان کے ذریعے 30 طلبہ کا انتخاب کیا جائے گا، جنہیں آر سی اے کی ہمہ جہت کوچنگ سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ انہوں نے یونیورسٹی میں سِول سروسز کے لیے ایک فعال اور دیرپا نظام قائم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
تقریب کی مہمانِ خصوصی، اے ایم یو کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے کامیاب امیدواروں، جن میں شکیل احمد (آئی پی ایس 2025) شاہانہ پروین (یو کے پی ایس سی) اور وشال بھوشن (یو پی ایس سی – سی اے پی ایف) شامل تھے، کو اعزازات سے نوازا اور ان کی کامیابیوں پر مبارکباد دی۔ ان امیدواروں نے اپنے تجربات، چیلنجز اور امتحانی تیاری کی حکمتِ عملی کا نچوڑ طلبہ سے شیئر کیا۔
اپنے خطاب میں وائس چانسلر نے آر سی اے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ’سوپر 30‘ پروگرام کو سِول سروسز کی تیاری کی سمت ایک انقلابی اقدام قرار دیا اور طلبہ کو خواب دیکھنے، مستقل مزاجی سے محنت کرنے اور بلند حوصلے رکھنے کی تلقین کی۔
پروگرام کی نظامت ڈاکٹر علی عمران (اسسٹنٹ ڈائریکٹر) نے کی جبکہ ڈاکٹر محمد فیروز احمد نے اظہارِ تشکر پیش کرتے ہوئے آر سی اے کی گزشتہ پانچ برسوں کی کامیابیوں کا اجمالی جائزہ بھی پیش کیا۔
***
ہفت روزہ دعوت – شمارہ 10 جولائی تا 16 اگست 2025