مجھے ’’آندولن جیوی‘‘ ہونے پر فخر ہے: پی چدمبرم
نئی دہلی، فروری 10: وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعے راجیہ سبھا میں احتجاج کرنے والے لوگوں کو ’’آندولن جیوی‘‘ کہنے اور ملک کو ایسے لوگوں سے محتاط رہنے کا مشورہ دینے پر بات کرتے ہوئے کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے آج کہا کہ انھیں فخر ہے کہ وہ ’’آندولن جیوی‘‘ ہیں۔
انھوں نے ٹویٹ کیا ’’میں فخریہ طور پر آندولن جیوی ہوں۔ جیسے آندولن جیوی مہاتما گاندھی تھے۔‘‘
واضح رہے کہ راجیہ سبھا میں تقریر کرتے ہوئے مودی نے ملک کو لوگوں کے ایک نئے طبقے ’’آندولن جیویوں‘‘ سے محتاط رہنے کے لیے کہا تھا۔ ان کے اس تبصرے کے بعد بہت سے لیڈروں اور کارکنوں نے ان پر تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ احتجاج جمہوریت کا اہم حصہ ہے اور ہندوستان کی آزادی بھی احتجاجوں کا ہی نتیجہ ہے۔
مودی کی تقریر کے ایک دن بعد کسان یونینوں کے رہنماؤں نے کہا تھا کہ وزیر اعظم کا یہ تبصرہ احتجاج کرنے والے کسانوں کی توہین ہے۔
مشترکہ کسان مورچہ کی جانب سے کرانتکاری کسان یونین کے صدر درشن پال نے کہا ’’وزیر اعظم نے احتجاج کرتے ہوئے کسانوں کی توہین کرتے ہوئے انھیں آندولن جیوی کہا ہے۔ کسان وزیر اعظم کو یاد دلانا چاہیں گے کہ یہ وہی آندولن جیوی ہیں جنھوں نے ہندوستان کو نوآبادیاتی حکمرانوں سے آزاد کرایا ہے اور اسی وجہ سے ہمیں آندولن جیوی ہونے پر فخر ہے۔‘‘