چھتیس گڑھ: بھوپیش بگھیل کی قیادت والی حکومت نے تحریک عدم اعتماد کا کامیابی کے ساتھ سامنا کیا

نئی دہلی، جولائی 22: چھتیس گڑھ میں کانگریس حکومت ہفتہ کو اپوزیشن بھارتیہ جنتا پارٹی کی طرف سے پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد سے بچ گئی۔

13 گھنٹے تک جاری رہنے والی بحث کے بعد تحریک عدم اعتماد کو 1 بجے کے قریب صوتی ووٹ سے شکست دی گئی۔ ریاستی اسمبلی کے مانسون اجلاس کے آخری دن یہ پیش رفت ہوئی۔

90 رکنی اسمبلی میں کانگریس کے 71 ایم ایل اے ہیں جب کہ بی جے پی کے پاس 13 ممبران اسمبلی ہیں۔

جمعہ کو بی جے پی نے حکومت کے خلاف 109 نکاتی ’’چارج شیٹ‘‘ پیش کی تھی، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ وہ بدعنوانی میں ملوث ہے اور اپنے انتخابی وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ بی جے پی ایم ایل اے برج موہن اگروال نے، جنھوں نے بحث کا آغاز کیا، الزام لگایا کہ حکومت گونگی اور بہری ہو چکی ہے اور ’’جمہوریت کی قاتل‘‘ بن چکی ہے۔

پارٹی نے درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے مبینہ واقعات کے خلاف احتجاج کا حوالہ دیا جس میں لوگوں کو جعلی دستاویزات کی بنیاد پر نوکریاں دی گئیں۔

دوسری طرف وزیر اعلی بھوپیش بگھیل نے کہا کہ ’’چارج شیٹ‘‘ میں حقائق کی کمی ہے اور اس کے ذریعے بی جے پی نے حکومت کو اپنی کامیابیوں کو ظاہر کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو بہت زیادہ اختیارات دیے گئے ہیں، جو کہ قومی مفاد میں نہیں ہے۔

انھوں نے کہا ’’میں جی ایس ٹی سے متعلق معاملات کی تحقیقات کے لیے ای ڈی کو اختیارات دینے کے اقدام کی سخت مخالفت کرتا ہوں۔‘‘

پارلیمانی امور کے وزیر رویندر چوبے نے الزام لگایا کہ بی جے پی زیرقیادت مرکز نے چھتیس گڑھ کی ترقی کے لیے فنڈز روک دیے ہیں۔