وارانسی کی عدالت نے ہندو مدعی کی طرف سے گیانواپی مسجد پر قبضے کے مطالبے کے خلاف دائر درخواست کو خارج کر دیا

نئی دہلی، نومبر 17: وارانسی کی ایک عدالت نے پیر کو انجمن اسلامیہ مسجد کمیٹی کی اس درخواست کو مسترد کر دیا جس میں گیانواپی مسجد کے احاطے کا قبضہ دیوتا وشویشور ویراجمان (سویامبھو) کے حوالے کرنے کے مقدمے کی برقراری کو چیلنج کیا گیا تھا۔

یہ مقدمہ وشو ویدک سناتن سنگھ کی بین الاقوامی جنرل سکریٹری کرن سنگھ کے ذریعے دیوتا وشویشور ویراجمان (سویامبھو) نے دائر کیا ہے۔

تنظیم نے کہا ہے کہ پورے مسجد کمپلیکس کو ہندوؤں کے حوالے کیا جانا چاہیے اور مدعیان کو 16 مئی کو مسجد کے اندر پائے جانے والے مبینہ شیولنگ کی پوجا کرنے کی اجازت دی جانی چاہیے۔

مسجد کمیٹی کی جانب سے اس درخواست کوڈ آف سول پروسیجر، 1908 کے آرڈر 7 رول 11 کے تحت دائر کیا گیا تھا۔

سول جج (سینئر ڈویژن) مہندر کمار پانڈے نے کہا کہ کرن سنگھ کی طرف سے دائر مقدمہ قابل سماعت ہے۔ انھوں نے کیس کی مزید سماعت 2 دسمبر تک ملتوی کردی۔

یہ مقدمہ گیانواپی مسجد کے احاطے میں پوجا کرنے کا حق مانگنے والی پانچ ہندو خواتین کی طرف سے دائر مقدمہ سے متعلق کارروائی سے منسلک نہیں ہے۔ تاہم کرن سنگھ ان پانچ خواتین میں سے ایک ہیں۔