حجاب میں نظر آئے گابرٹش ایئر ویز کا خاتون عملہ،نئی یونیفارم میں حجاب بھی شامل
ملک میں اسکارف اور حجاب کے استعمال پر اکثر ہونے والے تنازعہ کے درمیان برٹش ایئر ویز کا مثبت پیغام،رواں سال 20 مارچ سے نافذ العمل
نئی دہلی،20جنوری:۔
ایک طرف جہاں کرناٹک حکومت نے پری یونیور سٹی اور کالجوں میں مسلم طالبات کے ذریعہ حجاب پہننے پر پابندی عائد کر دی ہے وہیں دوسری جانب برٹش ایئر ویز نے اپنی خواتین عملے کو حجاب پہننے کی اجازت اور اختیار دے کر مثبت پیغام دیا ہے۔انڈیا ٹو مارو کی ایک رپورٹ کے مطابق برطانوی ایئر لائن میں حجاب نئی یونیفارم پالیسی میں شامل ہے جس کا برٹش ایئرویز حکام نے حالیہ دنوں میں اعلان کیا تھا اور اس سال دو ماہ بعد 20 مارچ سے یہ نافذ العمل ہوگا۔
برٹش ایئرویز کے میڈیا سینٹر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، خواتین عملے کے ارکان کے پاس جدید جمپ سوٹ کے علاوہ اسکرٹس اور ٹراؤزر جیسے دیگر متبادل بھی ہیں لہذا، خواتین عملے کے ارکان کے پاس متعدد اختیارات ہیں اور وہ اپنی سہولت کے مطابق ان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کے لئے آزاد ہیں۔رپورٹ کے مطابق اس نئے یونیفارم کو برطانوی فیشن ڈیزائنر گھانین سیوائل رو اور ٹیلراوزوالڈ بوٹینگ نے تیار کیا ہے۔برٹش ایئر ویز میں تقریباً 30,000 ملازمین ہیں جو اس جدید تیار کردہ یونیفارم کو استعمال کریں گے۔
برٹش ایئرویز کے چیئرمین سین ڈوئل نے کہاکہ ہماری یونیفارم ہمارے برانڈ کی ایک شاندار نمائندہ ہے، جو جدید برطانیہ کی بہترین نمائندگی کرتی ہے اور ہمارے صارفین کی قابل اطمینان خدمات میں ہمارے لئے معاون و مددگار ہے۔ برٹش ایئرویز کے مطابق اس یونیفارم کو تیار کرنے میں بڑی محنت اور کاوش سے کام لیا گیا ہے ۔اسے حتمی شکل دینے میں ڈیزائنرس کو چار سال لگے۔اور اس مرحلے میں عالمی پیمانے کے تقریباً 1500 ممبران نے اپنی خدمات پیش کی۔تجربہ کار عملوں پر مشتمل ٹیم نے اس یونیفارم کو ہر زاویئے سے تجربہ کیااس کے بعد اس یونیفارم کو ایئر لائنز عملے کے لئے فائنل کیا ہے۔
اپنےعملے کو اسکارف یا حجاب پہننے کی آزادی فراہم کرنے والی برطانیہ ایئر لائن اکیلی نہیں ہے بلکہ ا س سے قبل دنیا بھرکی متعدد ایئر لائنز ہیں جنہوں نے اپنے عملے کی یونیفارم میں اسکارف اور حجاب شامل کیاہے۔اطلاعات کے مطابق دنیا بھر میں 15 سے زائد ایئر لائنز ہیں جو یا تو اسے لازمی قرار دیتی ہیں یا پھر اپنی خواتین عملے کے ارکان کو حجاب پہننے کا اختیار دیتی ہیں۔ایسی ایئر لائنز میں ایران، سعودیہ، مصر ایئرلائن، المسریہ یونیورسل ایئر لائنز، اسکندریہ ایئر لائنز، سٹی لنک، ٹریگانا، سری وجایا، لائن ایئر، نام ایئر، گروڈ انڈونیشیا، رائل برونئی ایئر لائنز اور اریانا افغان ایئر لائنز شامل ہیں۔ ان تمام ایئر لائنز کی یونیفارم میں اسکارف اور حجاب شامل ہے ۔