عام آدمی پارٹی کو دھچکا،بی جے پی کی حمایت یافتہ رکن کوثر جہاں دہلی حج کمیٹی کی چیئرپرسن منتخب
کوثرجہاں کو دہلی سکریٹریٹ میں ہونے والے انتخاب میں کمیٹی کے پانچ میں سے تین ممبران نے ووٹ دیا
نئی دہلی، 16 فروری :۔
دہلی میں عام آدمی پارٹی کو دھچکا لگا ہے ۔بی جے پی کی حمایت یافتہ کوثر جہاں ریاستی حج کمیٹی کے انتخاب میں کامیاب ہو گئی ہیں۔میڈیا رپورٹوں کے مطابق جمعرات کو ہوئے انتخاب میں کوثر جہاں دہلی حج کمیٹی کی نئی چیئرپرسن بن گئی ہیں۔ حج کمیٹی کی تاریخ میں یہ دوسرا موقع ہے جب کسی خاتون کو اس عہدے پر منتخب کیا گیا ہے۔ معلومات کے مطابق کوثر جہاں کو بی جے پی کی حمایت یافتہ امیدوار بتایا جا رہا ہے۔ بی جے پی ایم پی گوتم گمبھیر نے بھی حج کمیٹی کی رکن کے طور پر کوثر جہاں کو ووٹ دیا۔ ایسے میں عام آدمی پارٹی کو ریاستی حج کمیٹی کی چیئرپرسن کے طور پر بی جے پی کے حمایت یافتہ امیدوار کی جیت سے بڑا جھٹکا لگا ہے۔بی جے پی کی حمایت یافتہ کوثرجہاں کو دہلی سکریٹریٹ میں ہونے والے انتخاب میں کمیٹی کے پانچ میں سے تین ممبران نے ووٹ دیا۔
جیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کوثر جہاں نے کہا ہے کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ مجھے یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ یہاں رہتے ہوئے میں عازمین حج کی اپنی استطاعت کے مطابق حتی المقدور خدمت کروں گی، عازمین حج کے تمام مسائل اور مشکلات کو دور کرنے کی کوشش کروں گی۔
واضح رہے کہ 6 جنوری 2023 کو دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ نے فوری اثر سے تین سال کے لیے ریاستی حج کمیٹی تشکیل دی تھی۔ اس کے ارکان میں بی جے پی ایم پی گوتم گمبھیر، عام آدمی پارٹی کے دو ممبران اسمبلی عبدالرحمان اور حاجی یونس، کانگریس ایم سی ڈی کونسلر نازیہ دانش، مسلم اسکالر کے طور پر محمد سعد اور مسلم سماجی تنظیم کے رکن کے طور پرکوثر جہاں شامل تھیں۔
دہلی حج کمیٹی کی تاریخ میں یہ دوسرا موقع ہے جب کوئی خاتون چیئرمین کی کرسی پر فائز ہو گی۔ کوثر جہاں سے قبل تاجدار بابر خاتون چیئرپرسن رہ چکی ہیں۔ دہلی حج کمیٹی کا چیئرپرسن بنائے جانے پر کوثر جہاں نے کہا کہ چیئرمین کے عہدے کے لیے تقرری کا عمل اور کمیٹی کی تشکیل عزت مآب ایل جی نے کی ہے۔ انتخاب تمام اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہوا ہے۔
Delhi state haj committee۔
دہلی بی جے پی کے کارگزار صدر وریندر سچدیوا نے کہا کہ کوثر جہاں کی جیت یہ ظاہر کرتی ہے کہ پارٹی میں مسلمانوں کا اعتماد بڑھ رہا ہے۔ وریندر سچدیوا نے ٹویٹ کیا، "محترمہ کوثر جہاں کو دہلی حج کمیٹی کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد۔ دہلی حج کمیٹی میں بی جے پی امیدوار کی جیت سے صاف ہے کہ اب مسلم کمیونٹی بھی نریندر مودی کے ساتھ ملک کی ترقی کے دھارے میں شامل ہونے کے لیے بے چین ہے۔
جیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کوثر جہاں نے کہا ہے کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ مجھے یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ یہاں رہتے ہوئے میں عازمین حج کی اپنی استطاعت کے مطابق حتی المقدور خدمت کروں گی، عازمین حج کے تمام مسائل اور مشکلات کو دور کرنے کی کوشش کروں گی
غور طلب ہے کہ 11 جنوری کو حج سفر پر ایک بڑا فیصلہ لیتے ہوئے مرکزی حکومت نے حکومت کی طرف سے دی گئی وی آئی پی کوٹہ ختم کرنے کی بات کہی تھی۔ قبل ازیں تقریباً 500 نشستیں حج کے لیے مختص کی گئی تھیں جن میں صدر کے کوٹے سے 100، نائب صدر کے کوٹے سے 75، وزیر اعظم سے 75، اقلیتی امور کے وزیر سے 50، حج کمیٹی آف انڈیا کے کوٹے سے 200 نشستیں دستیاب تھیں۔ لیکن اب اسے ختم کیا جا رہا ہے۔