بی جے پی لیڈر موہت کمبوج بھارتیہ کے خلاف ممبئی میں 52 کروڑ روپے کے فراڈ کا مقدمہ درج کیا گیا
مہاراشٹر، جون 1: ممبئی پولیس کے اقتصادی جرائم ونگ نے منگل کو بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما موہت کمبوج بھارتیہ کے خلاف دھوکہ دہی کی شکایت درج کی۔
انڈین اوورسیز بینک کے ایک منیجر نے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی کے یوتھ ونگ کے ممبئی یونٹ کے سابق صدر ایک کمپنی کے تین ڈائریکٹروں میں سے ایک تھے جنھوں نے 52 کروڑ روپے کا قرض لیا تھا۔ ممبئی پولیس نے اے این آئی کو بتایا کہ انھوں نے یہ رقم قرض لیتے وقت بتائے گئے مقاصد کے علاوہ دیگر مقاصد پر خرچ کی۔
ایک پولیس اہلکار نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ایم آر اے مارگ پولیس نے منگل کو موہت اور کمپنی کے دو دیگر ڈائریکٹرز کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 420 (دھوکہ دہی) اور 409 (بھروسہ کی مجرمانہ خلاف ورزی) کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
تاہم موہت بھارتیہ نے الزام لگایا کہ ان کے خلاف مقدمہ من گھڑت ہے اور یہ ممبئی پولیس کمشنر سنجے پانڈے کے کہنے پر درج کیا گیا ہے۔ بی جے پی لیڈر نے دعویٰ کیا کہ یہ معاملہ بہت پہلے طے ہوچکا تھا اور وہ عدالت سے رجوع کریں گے۔