خاتون کے ساتھ نازیبا حرکت کرنے والا بی جے پی رہنما گرفتار
نئی دہلی، اگست 9: اتر پردیش کے نوئیڈا میں ایک خاتون کے ساتھ نازیبا حرکت کے معاملے میں شری کانت تیاگی کو پولیس نے منگل کی صبح میرٹھ سے تین دیگر افراد کے ساتھ گرفتار کر لیا۔
ابھی تک اس کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہوئی ہے، لیکن بتایا جاتا ہے کہ شری کانت تیاگی کو نوئیڈا پولیس اپنے ساتھ لے گئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم تیاگی مسلسل اپنی بیوی اور اپنے وکیل سے موبائل فون پر بات کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ پولیس موبائل لوکیشن سے ہی اس تک پہنچ سکی اور اسے گرفتار کر لیا۔
پولیس نے آج دوبارہ اس کی بیوی کو حراست میں لے لیا۔ اس سے قبل جمعہ کو پولیس نے سری کانت تیاگی کی بیوی کو حراست میں لیا تھا اور اس سے 24 گھنٹے سے زیادہ پوچھ گچھ کی تھی۔
واضح رہے کہ نوئیڈا پولیس نے گینگسٹر ایکٹ کے تحت کارروائی کرتے ہوئے تیاگی پر 25 ہزار روپے انعام کا اعلان بھی کیا تھا۔ اس کی تلاش میں نوئیڈا پولس کی آٹھ ٹیمیں تشکیل دی گئیں اور جو تین ریاستوں میں اس کی تلاش کر رہی تھیں۔ پیر کو نوئیڈا میں ایک رہائشی سوسائٹی میں واقع اس کے گھر پر غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کر دیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی جی ایس ٹی ٹیم نے ملزم پر دباؤ ڈالنے کے لیے بھنگیل میں اس کی دکانوں پر بھی چھاپے مارے۔