بیدر میں ’فیمی‘کی دو روزہ تیسری ریاستی کانفرنس کا انعقاد

سماجی تبدیلی کے لیے تعلیمی معیار کو بلند کرنے اور ادارہ جاتی انتظامات کو منظم کرنے پر زور

بیدر (دعوت نیوز ڈیسک)

’’ہمارے ادارے آج نصاب اور امتحانات تک محدود ہیں۔ سماجی تبدیلی تبھی ممکن ہے جب ہمارے تعلیمی ادارے سماج سے جڑیں اور اس کے مسائل کو سمجھتے ہوئے حتی المقدور انہیں حل کرنے میں مدد کریں‘‘ ان خیالات کا اظہار آل انڈیا فیڈریشن آف مسلم ایجوکیشنل انسٹیٹیوشن کے جنرل سکریٹری جناب سید تنویر احمد نے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پچھلے دنوں فیڈریشن آف مسلم ایجوکیشنل انسٹیٹیوشن کرناٹک (فیمی) کی جانب سے دو روزہ تیسری ریاستی کانفرنس کا انعقاد بیدر کے شاہین کیمپس میں کیا گیا جس میں ریاست بھر سے 175 سے زائد اسکول لیڈروں نے شرکت کی۔ اس کانفرنس کا مقصد تعلیمی اداروں کی بہتری، معیار کو بلند کرنا اور سماجی تبدیلی میں ان کا کردار بڑھانا تھا۔
پروفیسر منظور احمد، سابق وائس چانسلر آگرہ یونیورسٹی و نیشنل صدر فیمی نے اپنے خطاب میں کہا ملت کی ترقی تعلیم سے جڑی ہوئی ہے۔ ہمیں تعلیمی میدان میں ہر ممکن ترقی کے لیے بھرپور کوشش کرنی چاہیے
ٹرسٹی مرکزی تعلیمی بورڈ و فیمی نئی دلی جناب مجتبیٰ فاروق نے کہا زندگی وقت کے بہترین استعمال کا نام ہے۔ تعلیمی اداروں کے منتظمین کو چاہیے کہ وہ وقت کا بھرپور استعمال کریں اور اپنے بچوں کی صحیح تربیت کے ساتھ ساتھ انہیں ایک نیک انسان بنائیں۔ صدر فیمی کرناٹک ڈاکٹر عبدالقدیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’فیمی کا مقصد محض تعلیمی اداروں کی تعداد بڑھانا نہیں ہے بلکہ ان کو مثالی ادارے کے طور پر کھڑا کرنا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے تعلیمی ادارے سماجی تبدیلی کا ذریعہ بنیں۔ امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ، ڈاکٹر محمد خالد مبشر الظفر نے کہا، اداروں کے منتظمین کو ہمیشہ اپنے سامنے واضح اور مضبوط منصوبے رکھنے چاہئیں ورنہ بغیر منصوبہ بندی کے ناکامی یقینی ہے۔ اے جے اکیڈمی کے ڈائریکٹر محمد عبداللہ جاوید نے کہا ایک معلم کو مجسمہ قرآن بننا چاہیے۔ اساتذہ اپنی شخصیت کے ذریعے طلبہ کی ہمہ جہت تربیت کریں۔ وائس پریسیڈنٹ منصورہ ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ ڈاکٹر محمد طٰحہ متین نے کہا بلند خواب دیکھے بغیر کوئی انقلاب برپا نہیں ہو سکتا۔ ہمیں اپنا وقت، مال اور صلاحیتوں کی قربانی پیش کر کے سماج میں تبدیلی لانی ہوگی۔ کانفرنس کے اختتامی اجلاس میں جنرل سکریٹری فیمی کرناٹک محمد آصف الدین نے فیمی کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا تعلیمی اداروں کو اجتماعی مزاج کے ساتھ کام کرنا چاہیے اور ایک دوسرے کے تعاون سے آگے بڑھنا چاہیے جو کہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سکریٹری بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن ریاض احمد نے آئیٹا اور بورڈ کا تفصیلی تعارف کروایا۔ آخر میں تمام مہمان مقررین کو تہنیت پیش کی گئی اور شرکت کنندگان کو مومنٹوز اور سرٹیفیکیٹس دیے گئے۔
محمد عاصم الدین اختر نے شکریہ اور دعا کے ساتھ کانفرنس کے اختتام کا اعلان کیا۔ اقبال احمد، ٹریزرر فیمی اور ہارون باشاہ، سکریٹری فیمی نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ اس کانفرنس میں نئے ممبروں کا اضافہ ہوا اور تلنگانہ، مہاراشٹر اور بہار سے وفود نے بھی شرکت کی۔ کانفرنس کے آخر میں فیمی کی جانب سے آئندہ کے لیے لائحہ عمل پیش کیا گیا۔

 

***

 


ہفت روزہ دعوت – شمارہ 01 دسمبر تا 7 دسمبر 2024