بھٹکل میں محفلِ شعر و ادب کے زیر اہتمام نعتیہ مجلس ’صل علی محمد ‘ کا انعقاد
ممتاز اور نو آموز شعرا نے پیش کیا بہترین نعتیہ کلام۔ معززین شہر اور اہل ذوق کی شرکت
بھٹکل (دعوت نیوز ڈیسک)
’’نعت کہنا صرف کار ثواب ہی نہیں بلکہ باعث سعادت بھی ہے۔ قرآن میں اللہ رب العزت نے حضور اکرم ﷺ کی تعریف میں بہت محبت بھرا لہجہ اختیار کرتے ہوئے پیارے نبی ﷺ کے لیے ائے نبی، ائے رسول جیسے کلمات استعمال کیے ہیں‘‘ بھٹکل میں ’کوسموس اسپورٹس سنٹر‘ کے زیر انتظام محفل شعر و ادب بھٹکل کی جانب سے منعقد نعتیہ مجلس ’صل علی محمد‘ میں اپنا کلیدی خطاب کرتے ہوئے جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے استاذ حدیث و ادب، چیف قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلین مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ نعتیہ شاعری بڑی سنجیدگی کا عمل ہے، اس کے لیے شاعر کو بڑی احتیاط سے کام لینا پڑتا ہے۔ نعت کہتے ہوئے ذرا بھی اگر غلو ہوجائے اور شاعر نے توحید اور رسالت کے فرق کو ملحوظ نہیں رکھا تو باعِث خیر عمل بھی بسا اوقات گناہ کا سبب بن جاتا ہے۔ انہوں نے بھٹکل میں محفل شعر و ادب کے زیر اہتمام منقعد ہونے والی ماہانہ شعری و ادبی نشستوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے بھٹکل کے ادبی منظر نامے کے لیے خوش آئند اقدام قرار دیا اور ان کے ذمہ داروں کی خدمت میں مبارک باد پیش کی۔
نعتیہ مجلس کے انعقاد کی غرض و غایت بیان کرتے ہوئے محفل کے سرگرم رکن مولوی محی الدین بشار ندوی نے واضح کیا کہ ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے یہ نعتیہ مجلس منعقد کی گئی ہے، اسی طرح بھٹکل کے ادبی منظر نامے کو مزید بہتر بنانے کے لیے محفلِ شعر و ادب نے مختلف مقامات پر ایسی نشستوں کے انعقاد کی ضرورت محسوس کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مشاہدہ کیا گیا ہےکہ مشاعروں کے مقابلے میں چھوٹی نشستوں کے ذریعہ ادبی ماحول کو فروغ دینے کا کام زیادہ آسانی سے انجام دیا جا سکتا ہے، اس کے لیے مختلف علاقوں کے نوجوانوں کو ساتھ لے کر یہ کام کیا جارہا ہے۔ لہٰذا گزشتہ کچھ مہینوں میں محفل شعر و ادب نے بھٹکل میں دس سے زیادہ طرحی اور غیر طرحی نشستیں منعقد کی ہیں۔
اس نعتیہ مشاعرے میں صدر مشاعرہ ڈاکٹر محمد حنیف شباب کے ساتھ جناب اقبال سعیدی، جناب اسحاق حسان، ادارہ ادب اطفال بھٹکل کے ذمہ دار مولانا سمعان خلیفہ ندوی، برماور سید احمد سالک ندوی، مولوی انیس بھٹکلی ندوی، عبد العلیم ابوندوی، رائف کولا ندوی، شقران خان ندوی اور حمدان سدی باپا ندوی نے اپنا بہترین کلام پیش کر کے سامعین سے داد حاصل کی۔
جنوبی ہند کی چھ ریاستوں کے اذان کے مقابلے میں پہلا مقام حاصل کرنے پر محفل شعر وادب سے فکری وابستگی رکھنے والے بھٹکل کے ابھرتے ہوئے نوجوان خوش گلو نعت خواں حافظ عبدالہادی ایس ایم کو محفل شعر وادب کی جانب سے اس نعتیہ مجلس میں تہنیت پیش کی گئی جنہیں بدست مبارک چیف قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی اعزاز سے نوازا گیا۔
نعتیہ مجلس کا آغاز ننھے منے طالب علم سبیل محتشم کی تلاوت سے ہوا، اس کے بعد نوجوان نعت خواں شعور عسکری نے بہترین نعت کے ذریعے محفل میں سماں باندھ دیا۔ محفل کے سرگرم رکن مولوی صواف قاضیا ندوی نے نظامت کی، کلمات تشکر اور دعا کے ساتھ رات گیارہ بجے یہ خوبصورت مجلسِ نعت بہترین خاطر تواضع کے ساتھ اختتام کو پہنچی۔ اس با برکت محفل میں شہر کے علما ئے کرام کے ساتھ دیگر معززین اور اہل ذوق کثیر تعداد میں موجود تھے۔
***
***
ہفت روزہ دعوت – شمارہ 22 ستمبر تا 28 ستمبر 2024