بھارت جوڑو یاترا: روہت ویمولا کی ماں کا اظہار یگانگت
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی'بھارت جوڑو یاترا' میں روہت ویمولا کی ماں نے شرکت کرتے ہوئے اس یاترا پر یگانگت کا اظہار کیا۔
نئی دہلی: روہت ویمولا، یونیورسٹی آف حیدرآباد کا دلت طالب علم تھا جس نے مبینہ ہراسانی پر سال 2016 میں خودکشی کرلی تھی اور یہ معاملہ قومی سطح پر چھاگیاتھا۔
حیدرآباد میں راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے موقع پر آج روہت ویمولا کی ماں نے صبح میں کچھ فاصلہ راہل گاندھی کے ساتھ طئے کیا اور اس یاترا کے تعلق سے یگانگت کا اظہار کیا۔ انہوں نے راہل گاندھی پر زوردیا کہ وہ بی جے پی۔آرایس ایس کے متواتر حملوں سے دستور ہند کے تحفظ کو یقینی بنائیں، روہت ویمولا کو انصا ف دلائیں، روہت ایکٹ نافذ کریں، اعلی عدالتوں میں دلتوں کی نمائندگی میں اضافہ کرنے کی پہل کریں اور ہر طبقے کے بچوں کیلئے مفت تعلیم کا انتظام کرنے کی مہم چلائیں۔
کانگریس پارٹی کے ٹوئیٹرہینڈل اوردیگر جماعتوں کے ٹوئیٹر کے ساتھ راہل گاندھی کے ساتھ ان کی ملاقات اور چند فاصلہ تک اس یاترا کا حصہ بننے کی تصاویر کو پوسٹ کیا گیا ہے۔
ادھر،کانگریس کے سابق صدرراہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا پرانا شہر حیدرآباد پہنچ گئی ہے۔ آج صبح راہل گاندھی نے شمس آباد سے اس یاترا کا آغاز کیا۔ یہ یاترا صبح 9 بجے شہر حیدرآباد کے آرام گھر پہنچی۔ تلنگانہ کے شمس آباد علاقے سے شروع ہونے والی بھارت جوڑو یاترا کے موقع پر کانگریس پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے جگہ جگہ خیرمقدمی اسٹیج بناتے ہوئے راہل گاندھی کی اس یاترا کا استقبال کرتے دیکھے گئے۔ اس یاترا کے سلسلہ میں زبردست انتظامات کیے گئے تھے۔ راہل گاندھی جوش و خروش سے بھارت جوڑو یاترا کررہے ہیں۔
کانگریس کے نومنتخب صدر ملکارکن کھڑگے بھی بھارت جوڑو یاترا میں شامل ہوئے۔ وہ یاترا میں شامل ہونے کے لیے کل حیدرآباد پہنچے تھے۔ صدر کو یاترا میں شامل دیکھ کر کانگریس کارکنوں میں زبردست جوش و خروش دیکھا گیا۔