بین المذاہب کانفرنس میں دعوتی و اخلاقی امور پر تبادلہ خیال

’سماج کی اخلاقی صورت حال - ایک جائزہ ‘ دلی میں مہم کے تحت سمپوزیم کا انعقاد

نئی دلی (دعوت نیوز ڈیسک)

دلی میں شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند کی جانب سے منائی جانے والی مہم اخلاقی محاسن آزادی کے تحت یکم ستمبر 2024کو مہم کی لانچنگ کا پروگرام آن لائن رکھا گیا جس کی صدارت ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی صاحب نے کی۔ پروگرام میں مہم کا تعارف اور حلقے میں کاموں کا جائزہ اس پر سکریٹری حلقہ زاہد حسین نے روشنی ڈالی۔ مہمان مقرر صدیقہ صاحبہ مرکزی ڈائریکٹر اور سابق کل ہند ناظمہ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس آن لائن پروگرام میں کافی تعداد میں خواتین شریک رہیں۔ 8 ستمبر 2024 کو ایک سمپوزیم منعقد کیا گیا جس کا عنوان تھا ’سماج کی اخلاقی صورتحال – ایک جائزہ ‘ اس پروگرام میں افتتاحی کلمات ڈاکٹر فاطمہ تنویر پی آر سکریٹری، اسسٹنٹ سکریٹری حلقہ دہلی نے پیش کیے۔ سمپوزیم کے مرکزی عنوان کے تحت چار ذیلی عنوانات پر مہمان مقررات نے اظہار خیال کیا۔ محترمہ اریبہ خان کونسلر نے خواتین پر ہونے والے مظالم پر گفتگو کی۔ محترمہ سیمیں مشیر پروفیسر جامعہ ملیہ اسلامیہ نے نشے کا بڑھتا ہوا رجحان اور اس کے اثرات پر اظہار خیال کیا۔ محترمہ ڈاکٹر سبیحہ خان ضلعی ناظمہ نے مغربی تہذیب اور اس کے اثرات پر روشنی ڈالی اور محترمہ سعدیہ جبین ممبر ایڈوائزری کمیٹی نے مادہ پرستی کا بڑھتا ہوا رجحان پر اظہار خیال کیا۔ اس پروگرام کی صدارت محترمہ نزہت یاسمین سکریٹری جماعت اسلامی ہند شعبہ خواتین حلقہ دہلی نے کی۔ پروگرام کی کنوینر محترمہ سعدیہ یاسمین تھیں جو مہم کی بھی کنوینر ہیں، انہی کے اظہار تشکر پر اس پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔
اس کے علاوہ حلقے کی سطح کا ایک پروگرام ’بین المذاہب کانفرنس‘ منعقد ہوا جس میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی اور مختلف اداروں سے وابستہ خواتین شریک ہوئیں۔ مسرس گائتری فلورنس، شاردہ دیکشت اور فلک برہما کماری نے مذہب میں اخلاقی قدروں کا کیا رول ہے اور آزادی کا مورالیٹی سے کیا رشتہ ہے، اس پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس پروگرام میں افتتاحی کلمات ڈاکٹر فاطمہ تنویر نے کہے۔ اس کی صدارت سکریٹری شعبہ خواتین حلقہ دہلی محترمہ نزہت یاسمین نے کی۔اس کے علاوہ بھی مہینے کے اختتام تک مزید سرگرمیاں طے کی گئی ہیں۔

 

***

 


ہفت روزہ دعوت – شمارہ 22 ستمبر تا 28 ستمبر 2024