بچوں کے لیے اسلامی تعلیمات کا آن لائن آغاز
تعلیمی میدان میں ایک نئی جست، عالمی سطح پر طلبہ کے لیے نیا موقع: قیّم جماعت اسلامی ہند، ٹی عارف علی
نئی دلی: (دعوت نیوز ڈیسک)
جماعت اسلامی ہند نے اپنے آن لائن ناظرہ قرآن و اسلامی تعلیمات پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد دنیا بھر کے طلبہ کو معیاری اسلامی تعلیمات فراہم کرنا ہے۔ افتتاحی تقریب جماعت اسلامی ہند کے مرکز میں منعقد ہوئی، جس کا افتتاح قیم جماعت اسلامی ہند، جناب ٹی عارف علی نے کیا۔
اپنے خطاب میں جناب ٹی عارف علی نے کہا کہ یہ پروگرام بچوں کی اسلامی تعلیم کی بنیاد فراہم کرتا ہے جس کے ذریعے بچے قرآن کی تلاوت، حدیث، دعاؤں اور اخلاقی تعلیمات میں مہارت حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’یہ اقدام نہ صرف بچوں کی زندگیوں میں بہتری لاتا ہے بلکہ انہیں ایک ذمہ دار فرد بنانے میں مدد کرتا ہے، جو اپنے خاندان اور قوم کی خدمت کے لیے تیار ہوتے ہیں۔‘‘
آن لائن ناظرہ قرآن و اسلامی تعلیمات پروگرام کے کوآرڈینیٹر، مولانا انعام اللہ فلاحی نے اس پروگرام کی اہمیت پر زور دیا، خاص طور پر مسلم طلبہ کے لیے جو مختلف اسکولوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں جہاں اسلامی تعلیمات کی کمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ پروگرام دنیا بھر سے طلبہ کو ناظرہ قرآن، حدیث اور اسلامی اقدار سکھانے کا منفرد موقع فراہم کرتا ہے۔‘‘
افتتاحی تقریب میں جماعت اسلامی ہند کے دیگر اہم رہنماؤں نے بھی اس پروگرام کی اہمیت پر گفتگو کی اور اس کے عالمی سطح پر پھیلاؤ کے لیے حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی تعلیمات کو جدید، دل چسپ اور بچوں کے لیے دوستانہ طریقے سے پیش کیا جائے تاکہ طلبہ کی دلچسپی برقرار رہے۔ والدین اور سرپرستوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اس اہم پروگرام میں شریک کروائیں، جو انہیں اسلامی تعلیمات کے ذریعے ایک بہتر انسان بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔
مزید معلومات اور داخلے کے لیے، وزٹ کریں:
www.taleemiboard.org
یا رابطہ کریں8920946931 +91-
***
ہفت روزہ دعوت – شمارہ 29 دسمبر تا 04 جنوری 2024