آسام: گائے کی چوری کے شبے میں ایک شخص کو بھیڑ نے پیٹ پیٹ کر ہلاک کیا، 12 افراد گرفتار
نئی دہلی، جون 14: پی ٹی آئی کی خبر کے مطابق اتوار کے روز آسام کے تنسُکیہ ضلع میں گائے کی چوری کے شبے میں ایک 28 سالہ شخص کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے اس معاملے میں 12 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
یہ واقعہ تنسُکیہ کے کورجونگا بورپاتھر گاؤں میں پیش آیا۔ گاؤں کے رہائشیوں نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ اس شخص کی شناخت سرت مورن کے نام سے ہوئی ہے اور اس کے ساتھی کو ہفتے کی صبح ڈیڑھ بجے کے لگ بھگ ایک گھر میں گائے کے رہنے کی جگہ پر دیکھا گیا تھا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق کنگارو عدالت کے ذریعہ عوامی مقدمے کی سماعت کے بعد ہجوم نے مورن کو دبوچ لیا اور اس پر تشدد کیا۔ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
تنسُکیہ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ دیبوجیت دیوری نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ پولیس اس شخص کو ڈومڈوما سول اسپتال لے گئی، لیکن ڈاکٹروں نے پہنچتے ہی اسے مردہ قرار دے دیا۔ مورن کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد اس کے اہل خانہ کے حوالے کردی گئی۔
دیوری نے مزید کہا کہ پولیس نے 12 افراد کو گرفتار کیا ہے اور تفتیش کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دی ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق ، ملزموں کے خلاف دفعہ 34 اور تعزیرات ہند کی دفعہ 302 (قتل) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ دیوری نے نیوز چینل کو بتایا کہ اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ یہ شخص مویشیوں کی چوری میں ملوث تھا یا نہیں۔