شاہین باغ-جیت پور میں انسداد تجاوزات مہم پولیس فورس کی عدم دستیابی کی وجہ سے ملتوی
نئی دہلی، مئی 6: جیت پور-کالندی کنج-شاہین باغ علاقے میں انسداد تجاوزات مہم جمعرات کو پولیس فورس کی عدم دستیابی کی وجہ سے ملتوی کر دی گئی۔
یہ مہم ساؤتھ دہلی میونسپل کارپوریشن (SDMC) کے ذریعے چلائی جانی تھی تاکہ علاقے سے مستقل اور عارضی تجاوزات کو ہٹایا جا سکے، خاص طور پر سڑکوں کے کنارے سے، جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں دشواری ہوتی ہے۔
تاہم وہاں 300 سے زیادہ ہاؤسنگ یونٹس بھی تھے جن کا SDMC نے مسمار کرنے کے لیے سروے کیا تھا کیوں کہ کہا جاتا ہے کہ وہ سرکاری زمین پر تعمیر کیے گئے تھے۔
ایس ڈی ایم سی کے سنٹرل زون کے چیئرمین راج پال سنگھ نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ پولیس فورس کی عدم دستیابی کی وجہ سے آج مہم کو منسوخ کر دیا گیا۔
میونسپل حکام کے مطابق یہ مہم جیت پور سے اوکھلا وہار میٹرو اسٹیشن تک مدن پور کھادر، کنچن کنج، کالندی کنج، شاہین باغ اور ابوالفضل انکلیو سے ہوتے ہوئے پورے علاقے کو محیط تھی۔ عہدیداروں نے کہا کہ دہلی پولیس کے ذریعہ فراہم کی جانے والی پولیس فورس کے لحاظ سے مہم کو دوبارہ ترتیب دیا جائے گا۔ معلوم ہو کہ یہ علاقے مسلم اکثریتی ہیں۔
جسولا اور سریتا وہار، جہاں ہندوؤں کی اکثریت ہے، کو بھی جیت پور اور شاہین باغ میں تجاوزات ہٹانے کی مہم کے تحت شامل کیا جانا تھا۔
اس سے قبل ان علاقوں میں 28 اپریل کو مہم کا شیڈول تھا لیکن پولیس اہلکاروں کی عدم دستیابی کی وجہ سے اسے منسوخ کر دیا گیا تھا۔
ایس ڈی ایم سی نے کل تغلق آباد کے علاقے میں انسداد تجاوزات مہم چلائی اور کئی عارضی دکانوں اور کچھ مستقل تعمیرات کو ہٹا دیا۔ میونسپل کے عملے نے انسداد تجاوزات کی ایک مہم کے تحت مانسروور کے علاقے میں بھی سرکاری اراضی سے متعدد مکانات کو ہٹا دیا۔