انکیتا بھنڈاری کی لاش نہر سے برآمد، بی جے پی لیڈر کا بیٹا گرفتار، ریزارٹ منہدم

نئی دہلی، 24؍ستمبر 2022: دہرہ دون کی رہنے والی 19 سالہ انکیتا بھنڈاری کے قتل کے الزام میں بی جے پی کے سابق وزیر کے بیٹے اور تین دیگر افراد کی گرفتاری کے ایک دن بعد، متاثرہ کی لاش برآمد کر لی گئی جس کی تقریباً پانچ دن قبل لاپتہ ہونے کی اطلاع تھی۔

اطلاعات کے مطابق انکیتا کی لاش رشیکیش کے چیلا نہر سے برآمد کر لی گئی ہے۔ ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ متوفی کے بھائی اور والد یہاں موجود تھے اور انہوں نے لاش کی شناخت کی ہے۔

خیال رہے کہ جمعہ کے روز بی جے پی کے سابق وزیر ونود آریہ کے بیٹے پلکت آریہ اور تین دیگر کو ریاست کی پولیس نے انکیتا کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا تھا، جو لکشمن جھولا علاقے میں ایک ریزارٹ میں ریسپشنسٹ کے طور پر کام کرتی تھی۔ پولیس نے کہا کہ آریہ، جو ونتارا ریزارٹ کا مالک ہے، جہاں انکیتا کام کرتی تھی، کو اس کیس میں کلیدی ملزم کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔

اتراکھنڈ کے حکام نے ہفتے کے روز اس ریزارٹ کو منہدم کر دیا، جو مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر تعمیر کیا گیا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ پلکت پر ونانترا ریسارٹ کے مینیجر سمیت دو دیگر افراد کے ساتھ قتل کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جب انہوں نے تنازع کے بعد انکیتا کو نہر میں دھکیلنے کا اعتراف کیا تھا۔

 

اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کے حکم پر جمعہ کی آدھی رات کو ریسپشنسٹ انکیتا بھنڈاری کے قتل کے ملزم  بی جے پی لیڈر کے بیٹے پلکت آریہ کے ریزارٹ کو بلڈوزر چلا کر منہدم کر دیا گیا، ساتھ ہی وزیر اعلیٰ نے تمام ریزارٹس کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ اس دوران ہفتہ کی صبح انکیتا کی لاش بھی نہر سے برآمد کرلی گئی ہے۔

 

اتراکھنڈ کی انکیتا بھنڈاری قتل کے معاملے میں ملوث بی جے پی  لیڈر کے بیٹے کے ریزارٹ پر انتظامیہ کا بلڈوزر چلنے سے قبل مقامی لوگوں نے مشتعل ہوکر عمارت کو آگ کے حوالے کر دیا تھا۔ مقامی افراد انکیتا کے قاتل کو گرفتار کرنے اور اسے سخت سے سخت سزا دلوانے کا مطالبہ کر رہے تھے کہ اچانک ہی بھیڑ مشتعل ہوگئی اور ریزارٹ کو آگ لگا دی۔

ریاست کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کی ہدایات کے بعد انتظامیہ نے آدھی رات کو یہ کارروائی کی ہے۔ بی جے پی لیڈر ونود آریہ کے بیٹے پلکت آریہ کے ونانترا ریزورٹ کو وزیراعلیٰ دھامی کی ہدایت پر آدھی رات کو منہدم کر دیا گیا۔ مقامی لوگوں نے ریزورٹ کے بارے میں اس سے قبل بھی کئی بار انتظامیہ سے شکایت کی تھی۔

مسٹردھامی کے حکم پر، ملزم پلکیت کے رشی کیش میں واقع ریزارٹ کو پوڑی ضلع انتظامیہ نے جمعہ کی آدھی رات کو منہدم کر دیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے ضلع مجسٹریٹس کو اتراکھنڈ کے تمام ریزورٹس کی چھان بین کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ہدایات دی گئی ہیں کہ جو ریزارٹس غیر قانونی طور  پر بنے ہیں یا غیر قانونی طور پر کام کر رہے ہیں ان کے خلاف فوری ضروری کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ ریاست بھر میں واقع ہوٹلوں / ریزارٹس / گیسٹ ہاؤسز وغیرہ میں کام کرنے والے ملازمین سے بھی ان کے بارےمیں معلومات حاصل کرنے اور شکایات کو سنجیدگی سے لینے کی ہدایت دی گئی۔

مسٹردھامی نے ہفتہ کی صبح سوشل میڈیا پر بتایا کہ انکیتا کی لاش ہفتہ کی صبح برآمد کرلی گئی ہے۔ اس دل دہلا دینے والے واقعے سے میرا دل بہت دکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجرموں کو سخت ترین سزا دلانے کے لیے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس پی رینوکا دیوی کی قیادت میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی گئی ہے اور اس سنگین معاملے کی تیزی سے جانچ کا حکم دیا ہے۔