‘ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دوستانہ تعلقات برصغیر کے لئے خوش آئند ہوگا’

نئی دہلی، 24؍ستمبر 2022: پی ڈی پی کی صدر اور جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دوستانہ تعلقات برصغیر کے لئے ایک خوش آئند قدم  ہوگا اور یہ پورے خطے کے لیے بڑی خوش خبری ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک جو خطیر رقم ہتھیار خریدنے پر خرچ کرتے ہیں وہ لوگوں کی بھلائی پر خرچ ہونا چاہئے کیونکہ دونوں ممالک غریب ہو رہے ہیں۔
سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ’پاکستان کے وزیر اعظم نے بھی کہا ہے کہ ہم جموں و کشمیر کے مسئلے کو حل کرنا چاہتے ہیں اور ہندوستان کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، ایسا ضرور ہونا چاہئے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اچھے ہوں گے تو ہم جو پیسہ فوج پر، ہتھیار خریدنے اور جہاز خریدنے پر خرچ کرتے ہیں وہ لوگوں کی فلاح و بہبود پر خرچ ہوں گے‘۔
محبوبہ مفتی نے کہا کہ ہمارا ملک جی ڈی پی میں بنگلہ دیش سے بھی پیچھے چلا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستامن کے بھی حالات ٹھیک نہیں ہیں اور حالیہ سیلاب سے حالات مزید بگڑ گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک اگر مسئلہ کشمیر کا حل تلاش کر لیں گے تو وہ نہ صرف جموں وکشمیر کے لوگوں کے لئے بلکہ ملک اور پورے برصغیر کے لئے ایک خوش آئند قدم اور خوشخبری ہوگی۔