ملازمتوں پر حملہ: 19 نومبرکو بینکوں کے ملازمین کی ملک گیر ہڑتال
آل انڈیا بینک ائمپلائز ایسو سی ایشن (اے آئی بی ای اے) نے بینکوں کی انتظامیہ کی جانب سے ملازمین، ملازمتوں اور ملازمت کی ضمانت پر بڑھتے ہوئے حملوں کے خلاف 19 نومبر کو یک روزہ ملک گیر ہڑتال کی کال دی ہے۔
نئی دہلی: یہ ہڑتال، یونینوں، نمائندگیوں کے حقوق، یونین لیڈروں کو مسلسل نشانہ بنائے جانے، مخاصمت پر مبنی حملوں، ملازمین کی یونینوں کو نقصان پہنچانے کی کوششوں اور غیر مستحکم کرنے کے لئے سٹلمنٹ اینڈ ایگریمنٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک اسٹیشن سے دوسرے اسٹیشن پر ملازمین کے غیر ضروری تبادلوں کے خلاف بھی کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
اے آئی بی ای اے کے جنرل سکریٹری سی ایچ وینکٹ چلم نے خبررساں ایجنسی کو اپنے فیصلے سے آگاہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اندور میں سنٹرل کمیٹی کے عہدیداروں کے اجلاس میں تبادلہ خیال کے بعد یہ فیصلہ کیگا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بدھ کو ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کی نوٹس دی جائے گی اور ہمارے تمام یونینس/فیڈریشنس اس ہڑتال کی نوٹس کو یکم نومبرکو اپنے انتظامیہ تک پہنچائیں گے اور پورے اتحاد کے ساتھ ہڑتال کریں گے۔ انہوں نے ہڑتال کی وجہ سے عام لوگوں کو پہنچنے والی تکلیف پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہماری مجبوری ہے کہ ہمیں حکومت اور انتظامیہ تک اپنی بات پہنچانی ہے اور اس کے لیے یہی ایک واحد راستہ ہے۔