اے ڈی بی نے ہندوستان کی ترقی کی پیشن گوئی میں کمی کردی

نئی دہلی،22 ستمبر 2022: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے عالمی سطح پر کمزور مانگ اور بڑھتے ہوئے افراط زر کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے مالیاتی پالیسی کے سخت اقدامات کی وجہ سے بالترتیب رواں مالی سال اور اگلے مالی سال کے لیے ہندوستان کی ترقی کی پیشن گوئی بالترتیب 0.5 فیصد اور 0.8 فیصد کی کمی کردی  ہے۔
اے ڈی  بی نے آج جاری ہونے والی ہندوستان کے لیے اپنی اقتصادی آؤٹ لک رپورٹ میں کہا ہے کہ اس نے رواں مالی سال کے لیے ہندوستان کی ترقی کی پیشن گوئی کو 7.5 فیصد سے کم کر کے 7.0 فیصد اور اگلے مالی سال کے لیے 8.0 فیصد سے کم کر کے 7.2 فیصد کر دیا ہے۔
ہندوستان میں اے ڈی بی کے کنٹری ڈائریکٹر ٹی کونیشی نے کہا کہ ہندوستان کی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) وبائی امراض سے پہلے کی سطح پر پہنچ رہی ہے، لیکن عالمی سست روی اور زیادہ افراط زر کی وجہ سے اس پر اثر پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے توقع ہے کہ وہ کاروباری ریگولیٹری ماحول کو بہتر بنائے گی کیونکہ انفراسٹرکچر سے سرمایہ کاری میں تیزی  آئے گی اور اس سے ملازمتیں پیدا ہوں گی۔