ابو غریب جیل میں خوفناک زیادتیوں کے دو دہے

متاثرہ عراقی زر تلافی اور امریکی جواب دہی کے ہنوز منتظر

بغداد: (دعوت انٹرنیشنل نیوز ڈیسک)

عراق کی بدنام زمانہ ابو غریب جیل اور امریکی زیر انتظام دیگر حراستی مراکز میں امریکی افواج کی طرف سے ناقابل تصور تشدد اور ہولناک زیادتیوں کے بیس سال بعد، زندہ بچ جانے والے اب بھی ’عالمی سپر پاور‘ امریکہ سے تلافی و جواب دہی کا انتظار کر رہے ہیں، جو دنیا بھر میں انسانی حقوق کے کاز کی حمایت کرنے کا دعویدار ہے۔ لیکن امریکی حکومت بے گناہ قیدیوں کو معاوضہ یا کوئی اور امداد فراہم کرنے میں یکسر ناکام رہی ہے۔
زیر حراست افراد کو 2003 سے 2009 تک عراق پر حملہ اور قبضہ کے دوران امریکی فوجیوں کے ہاتھوں ابو غریب اور امریکہ کے دیگر مقامات پر بدترین تشدد اور بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ مشرق وسطیٰ کے اس ملک کے شہریوں کے پاس ابھی تک امریکہ سے زر تلافی یا شناخت حاصل کرنے کا کوئی واضح راستہ نہیں ہے۔ جبکہ بہت سے زندہ بچ جانے والے عراقیوں اور ان کے خاندانوں کے لیے تشدد کے اثرات ایک روزمرہ کی حقیقت ہے۔
ہیومن رائٹس واچ (HRW) ایک بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیم ہے جس کا صدر دفتر نیویارک شہر میں ہے اور جو انسانی حقوق پر تحقیق اور وکالت کرتا ہے۔ اس نے اور انسانی حقوق کے دیگر عالمی گروپوں نے عراق میں امریکی افواج کی جانب سے بڑے پیمانے پر تشدد اور دیگر ناروا سلوک کو دستاویزی شکل دی ہے۔ ایچ آر ڈبلیو نے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ امریکی حکومت عراقیوں کو آگے آنے اور ان کے ساتھ کیے والے ناروا سلوک کا حساب دینے کی ہمت کے باوجود انہیں کوئی تلافی یا پہچان دینے میں ناکام رہی ہے۔
امریکہ نے 2003 میں عراق پر حملہ کیا تھا اور 2011 تک اس پر مسلط رہا جب امریکی فوجیوں نے باضابطہ طور پر انخلا کیا۔ HRW واشنگٹن کی ڈائریکٹر سارہ یاگر نے گزشتہ ہفتے رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ جن عراقیوں کو امریکہ نے تشدد کا نشانہ بنایا، زیادتی کے دو دہائیوں بعد حکومتی اہلکاروں کے پاس ابھی تک دعوی دائر کرنے یا امریکہ سے کسی قسم کی زر تلافی حاصل کرنے کا کوئی واضح راستہ نہیں تھا۔
ابو غریب دنیا بھر میں کئی فوجی حراستی مراکز اور سنٹرل انٹلیجنس ایجنسی (سی آئی اے) کی ’’بلیک سائٹس‘‘ میں سے ایک تھا جہاں امریکہ فورسز، انٹلیجنس ایجنٹوں اور ٹھیکیداروں نے تشدد اور دیگر ناروا سلوک، یا پوچھ گچھ کی نام نہاد’’ بہتر تکنیکوں‘‘ کو بروئے کار لایا تھا۔
امریکی حکام نے اشارہ دیا ہے کہ وہ ماضی میں تشدد چھوڑنے کو ترجیح دیتے ہیں لیکن تشدد کے طویل مدتی اثرات اب بھی بہت سے عراقیوں اور ان کے خاندانوں کے لیے روزمرہ کی حقیقت ہیں۔ اگست 2022 میں پینٹاگون نے امریکی کارروائیوں میں شہریوں کو پہنچنے والے نقصان کو کم کرنے کے لیے ایک ایکشن پلان جاری کیا تھا لیکن اس میں شہری نقصان کی ماضی کی مثالوں کے لیے معاوضہ وصول کرنے کا کوئی طریقہ شامل نہیں تھا۔
امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے 2003 اور 2009 کے درمیان تقریباً ایک لاکھ عراقیوں کو حراست میں لیا تھا۔ بدسلوکی سے بچ جانے والے اپنے سلوک کا حساب دینے کے لیے برسوں سے آگے آئے ہیں لیکن انہیں امریکی حکومت کی طرف سے بہت کم تسلیم کیا گیا اور کوئی ازالہ نہیں کی گیا۔ ہیومن رائٹس واچ نے نشاندہی کی ہے کہ امریکہ کے داخلی قانون کے تحت تشدد کے خلاف پابندیاں، 1949 کا جنیوا کنونشن اور اقوام متحدہ کا تشدد کے خلاف کنونشن، نیز روایتی بین الاقوامی قانون محض برائے نام ہیں۔
بین الاقوامی ادارہ حلال احمر (آئی سی آر سی) کی طرف سے فروری 2004 میں امریکی زیر قیادت فوجی اتحاد کو دی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملٹری انٹلیجنس افسروں نے آئی سی آر سی کو بتایا کہ 2003 میں عراق میں اتحادیوں کی تحویل میں 70 سے 90 فیصد افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔ غلطی سے 2004 میں اس وقت کے امریکی صدر جارج ڈبلیو بش نے ابو غریب میں ’’عراقی قیدیوں کے ہاتھوں ذلت کا سامنا‘‘ کرنے پر معذرت کی۔ اس کے فوراً بعد وزیر دفاع ڈونلڈ رمزفیلڈ نے کانگریس کو بتایا کہ انہوں نے عراقی نظر بندوں کو معاوضہ دینے کا ایک قانونی طریقہ تلاش کرلیا ہے جنہیں امریکی مسلح افواج کے چند ارکان کے ہاتھوں سنگین اور وحشیانہ زیادتی اور ظلم کا سامنا کرنا پڑا۔
ہیومن رائٹس واچ کو کوئی ثبوت نہیں ملا کہ امریکی حکومت نے عراق میں قیدیوں کے ساتھ بدسلوکی کے متاثرین کو کوئی زر تلافی یا دیگر معاوضہ ادا کیا ہو اور نہ ہی امریکہ نے کوئی انفرادی معذرت یا دیگر ترامیم جاری کیں۔ کچھ متاثرین نے یو ایس فارن کلیمز ایکٹ، جو غیر ملکی شہریوں کو امریکی فوج کی ’’غیر جنگی سرگرمی یا لاپروائی یا غلط فعل یا کوتاہی‘‘ کے باعث موت، چوٹ اور املاک کو پہنچنے والے نقصان کا معاوضہ حاصل کرنے کی اجازت دیتا ہے، اس کا استعمال کرتے ہوئے معاوضے کے لیے درخواست دینے کی کوشش کی تھی۔ تاہم، اس میں نام نہاد ’جنگی اخراج‘ شامل ہے، جس کے حصے کے طور پر کوئی دعویٰ قابل ادائیگی نہیں ہے۔اگر نقصان دشمن یا امریکی مسلح تصادم میں یا پیش آئند مسلح تصادم کی ہنگامی تیاری میں مصروف افواج کی کارروائی سے پہنچے ۔ مزید برآں، فارن کلیمز ایکٹ کے تحت دعویٰ دائر کرنا کوئی آسان راستہ نہیں ہے کیونکہ دعویٰ نقصان کی تاریخ سے دو سال کے اندر دائر کرنا ضروری ہے۔
ایچ آر ڈبلیو عوامی شواہد تلاش کرنے سے قاصر تھا کہ آیا اس قانون کے تحت تشدد کے بشمول قیدیوں کے ساتھ بدسلوکی کے معاوضے کے طور پر ادائیگیاں کی گئی ہیں ۔2007 میں امریکن سول لبرٹیز یونین نے فارن کلیمز ایکٹ کے تحت کیے گئے 506 دعووں کی تفصیلات حاصل کیں جن میں عراق میں 488 اور افغانستان میں 18 دعوے شامل ہیں۔ زیادہ تر دعوے فائرنگ، قافلوں اور گاڑیوں کے حادثات سے ہونے والے نقصان یا اموات سے متعلق ہیں۔
ان دستاویزات میں حراست سے متعلق فارن کلیمز ایکٹ کی ادائیگی کا واحد معاملہ ایک دعویدار کے لیے تھا جسے عراق میں غیر قانونی طور پر حراست میں لیے جانے کے لیے 1,000 امریکی ڈالر ادا کیے گئے تھے جس میں دیگر بدسلوکیوں کا کوئی ذکر نہیں تھا۔ پانچ دیگر دعوے حراست میں بدسلوکی سے متعلق تھے لیکن وہ ان 11 دعووں میں شامل ہیں جن کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا اور نہ ہی یہ صراحت کی گئی کہ آیا ادائیگی کی گئی ہے۔
جوناتھن ٹریسی جو ایک سابق جج ایڈووکیٹ ہیں جنہوں نے 2003 میں بغداد میں نقصان پہنچانے کے دعووں کو نمٹایا تھا، ہیومن رائٹس واچ کو بتایا کہ انہیں فوج کی طرف سے تشدد سے بچ جانے والوں کو فارن کلیمز ایکٹ کی ادائیگیوں کا علم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’اگر زندہ بچ جانے والوں میں سے کسی کو ادائیگی موصول ہوئی ہوتی تو مجھے شک ہوگا کہ فوج فارن کلیمز ایکٹ کی رقم استعمال کرنا چاہتی ہوگی کیونکہ اسے حکومت کے اعتراف کے طور پر لیا جا سکتا ہے‘‘
جب ابو غریب میں زیر حراست افراد کے ساتھ بدسلوکی کی تصاویر منظر عام پر آئیں تو صدر بش نے اس مسئلے کی نظامی نوعیت کو کم کرنے کی کوشش کی اور اسے ’’چند امریکی فوجیوں‘‘ کے ذلت آمیز طرز عمل کو قرار دیا، جنہوں نے ملک کی بے عزتی کی اور اس کی اقدار کو نظر انداز کیا۔ تاہم، ایچ ڈبلیو آر کی تحقیقات سے پتہ چلا کہ حکومت کی اعلیٰ سطح پر لیے گئے فیصلوں نے ان کارروائیوں کو فعال، منظورہ اور جائز قرار دیا۔
ایچ آر ڈبلیو کی طرف سے محکمہ دفاع کی ایک دستاویز کی جانچ پڑتال میں انکشاف ہوا ہے کہ یو ایس آرمی کریمنل انویسٹی گیشن ڈویژن (سی آئی ڈی) نے عراق میں 2003 سے 2005 تک امریکہ اور اتحادی افواج کے ارکان کی طرف سے مبینہ بدسلوکیوں کے بارے میں کم از کم 506 انکوائریاں شروع کیں۔ اس دستاویز میں جسمانی حملوں کے 376، ہلاکتوں کے 90، چوری سے متعلق 34 اور مبینہ جنسی زیادتی کے چھ واقعات کی تحقیقات کا خاکہ پیش کیا گیا۔ یہ تمام واقعات امریکہ اور اتحادی افواج سے منسوب ہیں اور یہ نتیجہ اخذ کرنے کے باوجود کہ وہ ہو چکے ہیں، متاثرین کو معاوضہ دینے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی ہے۔
عراق پر حملہ عالمی قوانین کے تحت بغیر کسی جواز کے وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی تلاش کے جھوٹے بہانے سے شروع کیا گیا۔ اس میں لاکھوں عراقیوں کی جانیں چلی گئیں۔ کچھ اندازوں کے مطابق یہ تعداد 10 لاکھ سے زیادہ ہے جبکہ دیگر لاکھوں لوگ اپنے گھروں سے بے گھر ہو گئے۔
امریکہ کی طرف سے عراق پر مسلط کردہ غیر منظم حکومت نے کئی دہے قدیم فرقہ وارانہ تشدد کو ہوا دی اور ملک کو تاراج کیا۔ امریکی زیر انتظام جیلوں میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کی گئیں، جن میں بدنام زمانہ ابو غریب بھی شامل ہے۔ ابو غریب کے اندر جو کچھ ہوا اس کی پوری تفصیل اپریل 2004 میں دنیا کے علم میں آئی، جب تشدد کی تصاویر کا پبلک ڈومین پر افشا ہوا تھا۔(بشکریہ انڈیا ٹومار وڈاٹ نیٹ)
***

 

***

 بغداد کے نواح میں واقع ابو غریب جیل کو1950 کی دہائی میں کھولا گیا تھا جسے صدام حسین نے سیاسی قیدیوں کو رکھنے کے لیے استعمال کیا تھا۔ 2003 میں عراق پر امریکی حملے کے بعد اس جیل کو امریکی زیر قیادت اتحادی افواج نے عراقی قیدیوں کو رکھنے کے لیے استعمال کیا تھا۔ جیل نے 2003 میں اس وقت بین الاقوامی توجہ حاصل کی جب اتحادی افواج کے زیرانتظام کمپلیکس کے ایک حصے میں محافظوں کی طرف سے قیدیوں کے ساتھ انسانیت سوز تشدد اور بدسلوکی کا انکشاف ہوا ۔ بالآخر امریکہ نے اس جیل کو 2014 میں بند کرکے اسے وفاقی حکومت کو منتقل کردیا ۔ اس کے بعد سے، یہ جیل خالی پڑی ہے لیکن صدام دور کے اختتام کے بعد یہ اب امریکہ کے جابرانہ وبلاجواز قبضہ اور عراقیوں پر مظالم کی سب سے بڑی یادگار ہے۔


ہفت روزہ دعوت – شمارہ 15 اکتوبر تا 21 اکتوبر 2023