امانت اللہ خان کو دہلی وقف بورڈ کرپشن کیس میں ضمانت ملی
نئی دہلی، ستمبر 28: اے این آئی کے مطابق عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے امانت اللہ خان کو بدھ کے روز دہلی وقف بورڈ میں تقرریوں میں مبینہ بے ضابطگیوں اور فنڈز کے غلط استعمال کے معاملے میں ضمانت مل گئی۔
16 ستمبر کو خان کو انسداد بدعنوانی برانچ نے گرفتار کیا تھا جو دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر کے تحت آتا ہے۔ اس سے قبل پولیس نے ایم ایل اے سے متعلق متعدد مقامات پر چھاپے مارے تھے۔
ایڈیشنل پبلک پراسیکیوٹر اتل کمار شریواستو نے انسداد بدعنوانی برانچ کی طرف سے پیش ہوتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ خان کو ایجنسی کی طرف سے برآمد کی گئی ڈائری کا حوالہ دیتے ہوئے 4 کروڑ روپے نقد ملے۔ شریواستو نے یہ بھی کہا کہ ایجنسی کو بہار، گجرات، تلنگانہ اور اتراکھنڈ میں منی ٹریل ملے ہیں۔
عدالت نے منگل کو کیس میں فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔
منگل کی سماعت میں خصوصی جج وکاس دھول نے انسداد بدعنوانی برانچ کے ان الزامات پر سوال کیا کہ خان نے دہلی وقف بورڈ کی کچھ جائیدادیں من مانی طور پر کرائے پر دی ہیں۔ ایجنسی نے الزام لگایا تھا کہ خان اور ان کے قریبی لوگوں نے کرایہ کے ان سودوں کا فائدہ اٹھایا۔
تاہم جج نے نشان دہی کی کہ انسداد بدعنوانی برانچ کی طرف سے جمع کرائے گئے دستاویزات سے یہ ثابت نہیں ہوتا ہے کہ سودے کے نتیجے میں دہلی وقف بورڈ کو کوئی نقصان ہوا ہے۔
جج نے کہا کہ ’’کیا کیس کرو گے؟ جرم کیا ہے؟‘‘ عدالت نے یہ بھی سوال کیا کہ پولیس نے خان پر سازش کا الزام کیوں لگایا جب کہ وقف بورڈ کے کسی اور رکن کو اس کیس میں ملزم کے طور پر نامزد نہیں کیا گیا۔