
یتیم خانہ اسلامیہ گیا میں ادارہ کے عنایت آئی ٹی آئی طلبہ کے مابین تقسیم اسناد
مادہ پرستانہ دور میں تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر کی تعلیم حاصل کر نالازمی : ڈائریکٹر سہیل احمد خان
چرکی (دعوت نیوز ڈیسک)
پچھلے دنوں یتیم خانہ اسلامیہ گیا میں ادارہ کے عنایت آئی ٹی آئی سے الیکٹریشن اور فِٹر کے امتحانات پاس کرنے والے ادارہ کے یتیم و بیرونی طلبہ کے درمیان تقسیم اسناد کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس تقریب کا آغاز یتیم خانہ کے ایک طالب علم نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔پروگرام میں مہمان خصوصی کے طور پر شہر گیا سے آنے والے ڈاکٹر کاشف رضا نے طلبہ سے خطاب کیا اور بہت ہی حوصلہ افزا تقریر کی اور زندگی کو کامیاب بنانے کے لیے جن چیزوں کی خاص ضرورت ہوتی ہے اس نکات پر خصوصی روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر کاشف رضا ایک اچھے موٹیویشنل اسپیکر ہیں۔ انہوں نے اپنی تقریر میں مثال دے کر طلبہ کو آگے بڑھنے کا راستہ بتایا اور کہا کہ تعلیم کے ساتھ تربیت بھی لازمی ہے۔
ان کی تقریر کے بعد یتیم خانہ اسلامیہ گیا کے ڈائریکٹر جناب امیر الدین خان نے طلبہ سے خطاب کیا۔ انہوں نے بھی اسناد حاصل کرنے والے طلبہ کی تعریف کی اور نوجوانوں کو پہلے میٹرک تک کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد ہی ہنر کی تعلیم حاصل کرنے کا مشورہ دیا۔ ان کے بعد عنایت آئی ٹی آئی کے ڈائریکٹر جناب سہیل احمد خان نے طلبہ سے خطاب کیا اور کہا کہ موجودہ مادہ پرستانہ دور میں تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر کی تعلیم حاصل کر نالازمی ہے۔ طلبہ کے لیے درجہ نہم، دہم اور انٹرمیڈیٹ کا وقت بہت ہی قیمتی اور اہم ہوتا ہے۔ اس میں سخت محنت کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس کے بعد ہی آگے کا راستہ کھلتا ہے اور راستہ چننے کا وقت ہوتا ہے کہ کسی لائن میں جاتا ہے۔ آج کا دور مقابلہ کا دور ہے۔ جو جتنا محنت کرے گا وہی آگے بڑھے گا۔ اس مقابلہ جاتی دور کی محنت پر ہی پوری زندگی منحصر کرتی ہے اور اسی پر مستقبل کا انحصار ہے۔
اس پروگرام میں عنایت آئی ٹی آئی کے طلبہ، یتیم خانہ اسلامیہ گیا کے طلبہ، اساتذہ کرام، اسٹاف اور ادارہ کے ایڈمنسٹریٹر جناب عبدالحمید بھی موجود تھے۔ اس پروگرام کی صدارت یتیم خانہ اسلامیہ گیا کہ ڈائریکٹر جناب امیر الدین خان نے کی اور نظامت کے فرائض ادارہ کے استاد جناب مہر عالم نے انجام دیے۔
اس کے بعد مہمان خصوصی مسلم لڑکیوں کے یتیم خانہ گیا واقع کلون ڈاک خانہ چرکی گئے جو یتیم خانہ اسلامیہ گیا سے دو کلو میٹر کی دوری پر مغرب کی جانب پہاڑی کے دامن میں واقع ہے۔ یہاں انہوں نے گھوم پھر کر ادارہ کی ہر چیز کا جائزہ لیا اور معلمات اور بچیوں کے درمیان بچیوں ہی سے متعلق بہت ہی پر مغز اور سبق آموز تقریر کی۔ جہاں ساتھ میں عنایت آئی ٹی آئی کے ڈائریکٹر جناب سہیل احمد خان اور ادارہ کے خدمت گار محمد اورنگ زیب اقبال عنایتی بھی موجود تھے۔
***
ہفت روزہ دعوت – شمارہ 28 ستمبر تا 04 اکتوبر 2025