
حضور اکرم ﷺ سے محبت دعوؤں سے نہیں اتباع سے ثابت ہوتی ہے
بیدر میں دو روزہ ’سیرت سیریز‘ کا انعقاد۔ جناب حامد محمد خان اور ڈاکٹر اسلام الدین مجاہد کے خطابات
بیدر: (دعوت نیوز ڈیسک)
جامع مسجد بیدر میں جماعت اسلامی ہند، بیدر کے زیر اہتمام دو روزہ ’’خطباتِ سیرت النبیؐ‘‘ کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ مہمانِ خصوصی جناب حامد محمد خان، سکریٹری توسیع، جماعت اسلامی ہند نے اپنے خطاب میں کہا کہ نبی اکرم ﷺ تمام انسانوں میں سب سے زیادہ سخی، بہادر اور حسین و جمیل تھے۔ آپؐ کے صحابہ آپ کے اطاعت گزار اور وفادار تھے۔ حضرت ابوبکرؓ کی غارِ ثور میں ثابت قدمی اور حضرت اُمّ سُلیمؓ کی غزوہ اُحد میں بے مثال قربانی اس کا واضح ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محبتِ رسول ایمان کا لازمی تقاضا ہے لیکن یہ محبت محض دعویٰ سے نہیں بلکہ اطاعت اور اتباعِ رسول کے ساتھ ہی مکمل ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رسول اکرم ﷺ پر درود و سلام بھیجنا، آپؐ کی سنتوں کی پیروی، دین کی تبلیغ و اشاعت اور غیر مسلم برادرانِ وطن تک سیرت کی کتابیں پہنچانا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔ اسی کے ذریعے حضور اکرم ﷺ کا درست تعارف دنیا کے سامنے پیش کیا جا سکتا ہے۔
مولانا محمد عبدالغنی خان، صدر جمعیت العلماء ہند بیدر نے خطاب میں کہا کہ جماعت اسلامی ہند نے سیرت مہم کا انتخاب وقت کی اہم ضرورت کے پیش نظر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ ہر معاملے میں عدل و انصاف کے علم بردار تھے جبکہ آج ہم وراثت جیسے بنیادی مسائل میں اپنی ہی بہنوں کو ان کا حق دینے سے محروم کر رہے ہیں۔
خطبات کا آغاز قرآن مجید کی تلاوت سے ہوا جس کے بعد نعتیہ کلام پیش کیا گیا۔ پہلے روز ڈاکٹر اسلام الدین مجاہد نے رسالت کے مقصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ ﷺ دنیا میں عدل و انصاف قائم کرنے کے لیے بھیجے گئے تھے۔ انہوں نے واقعہ ابوجہل کے ظلم اور رسول اللہ ﷺ کی جانب سے ایک تاجر کو اس کا حق دلانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آپؐ کی سیرت عدل کا عملی نمونہ ہے۔
مفتی سید سراج الدین نظامی، نائب صدر اہل سنت والجماعت کرناٹک نے اپنے خطاب میں کہا کہ نبی کریم ﷺ پوری انسانیت کے لیے اسوہ حسنہ ہیں۔ ملت کو اپنی تربیت آپؐ کی سیرت کی روشنی میں کرنی چاہیے۔
اس موقع پر شہر کے علماء، عمائدین اور مختلف سماجی و تعلیمی تنظیموں کی نمائندہ استقبالیہ کمیٹی بھی موجود تھی۔ دو روزہ پروگرام کا اختتام ڈاکٹر ارشاد نوید، معاون امیر مقامی جماعت اسلامی ہند بیدر کے اظہارِ تشکر پر ہوا۔
بارش کے باوجود ہمنا آباد، ظہیرآباد اور اطراف و اکناف کے دیہاتوں سے بڑی تعداد میں مرد و خواتین شریک ہوئے، جس سے پروگرام کی کامیابی اور سیرت النبیؐ سے عوام کی وابستگی نمایاں طور پر ظاہر ہوئی۔
***
ہفت روزہ دعوت – شمارہ 28 ستمبر تا 04 اکتوبر 2025